کمشنر ژوب ڈاکٹر سید سیف الرحمن کا قلعہ سیف اللہ تحصیل مسلم باغ کا دورہ

وزیراعلیٰ ترقیاتی پیکیج مثالی منصوبہ ہے ،تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، اجلاس سے خطاب

بدھ 9 اگست 2017 21:48

قلعہ سیف اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2017ء) کمشنر ژوب ڈویژن ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے منگل کے روز ضلع قلعہ سیف اللہ تحصیل مسلم باغ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایس ای بی اینڈ آر سید جلیل آغا اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی تھے۔ سرکاری آفیسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ترقی کا واحد ذریعہ ہے۔

صحت ایک اہم شعبہ ہے جس کا تعلق عوام کی زندگی سے ہے۔ وزیراعلیٰ ترقیاتی پیکج ایک مثالی منصوبہ ہے تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ امیر فضل گھومرہ، اسسٹنٹ کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ محمد قاسم، ضلعی پولیس آفیسر شمائل ریاض ملک ، چیئرمین میونسپل کمیٹی قلعہ سیف اللہ نواب زادہ درا خان جوگیزئی، چیئرمین میونسل کمیٹی مسلم باغ سردار آصف سرگڑھ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عطاء اللہ، ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر نسیم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نقیب اللہ، ایکسیئن بی اینڈ آر عبدالمناف، پی پی ایچ آئی، ایریگیشن، لائیواسٹاک، جنگلات، ایم ایم ڈی، پی پی ایچ آئی، خزانہ ودیگر سرکاری ونیم سرکاری محکموں کے ڈویژنل وضلعی آفیسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی قلعہ سیف اللہ امیر فضل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ قلعہ سیف اللہ سی پیک کے مغربی روٹ پر واقع ایک اہم ضلع ہے جس میں زراعت کے مثالی باغات اور دیگر فصلیں ہیں۔ وزیراعلیٰ ترقیاتی پیکج کے 20کروڑ روپے کے علاوہ پی ایس ڈی پی 2016-17ء کے تحت کثیر لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور اکثر منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ضلعی آفیسر تعلیم عطاء اللہ نے بتایا کہ ضلع میں اسکولوں کی کل تعداد 619ہے جس میں 29ہائی اسکول، 29مڈل اسکول اور بقیہ پرائمری سیکشن کے اسکول ہیں۔

بعض اسکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے، ڈی ایچ اور ڈاکٹر نسیم نے بتایا کہ ضلع قلعہ سیف اللہ میں محکمہ صحت کے کل 15بی ایچ یوز ہیں۔ 6ایل ایچ وی سینٹر ہیں 18نئے ڈاکٹرز کی تعیناتی سے علاج معالجہ میں مدد ملے گی ۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تعداد 8000ہزار ہے جن کو ویکسینیشن کی جارہی ہے۔چیئرمین میونسپل کمیٹی مسلم باغ سردار آصف سرگڑھ نے کہا کہ مسلم باغ معدنیات سے مالامال علاقہ ہے جس میں 22 ہزار لوگ محنت مزدوری کرتے ہیں۔

اجلاس میں محکمہ پی ایچ ای، ایریگیشن، آن فارم واٹر مینجمنٹ اور دیگر محکموں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل، کام کا معیار اور فنڈ کے اجراء کے حوالے سے بحث ہوئی اور تجاویز پیش کی گئیں۔ کمشنر ژوب ڈویژن نے اس موقع پر کہا کہ ہم عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لیتے ہیں کام کریں گے تو بہتری ضرور آئے گی تمام ادارے آپس میں ہم آہنگی پیدا کریں ۔

انتظامی اآفیسران روزانہ کم از کم ایک اسکول، ایک بی ایچ او اور ایک لیویز تھانے کا دورہ کریں۔ کمشنر نے سپورٹس کمپلیکس، فیملی پارک، پبلک لائبریری، زیرتعمیر سڑک اور نئے تعمیر شدہ، فروٹ وسبزی منڈی کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں غیر معیاری اور زائدالمیعاد ادویات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو اس کا سخت نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

بعدازاں کمشنر نے سول ہسپتال مسلم باغ کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ آفیسران کو اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے حوالے سے شعوروآگاہی مہم چلانے کی ہدایات کیں۔ کمشنر ژوب نے وکلاء کے شہید رہنما باز محمد کاکڑ کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ شہید کے بھائی نیاز محمد نے کمشنر کا ان کے غم میں شریک ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں