وزیر اعلی ترقیاتی پیکیج سمیت مختلف محکموں کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، کمشنر ژوب

منصوبوں کی تکمیل سے عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

پیر 2 اکتوبر 2017 22:22

قلعہ سیف اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اکتوبر2017ء)کمشنر ژوب ڈویژن ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ ژوب ڈویژن کے طول وعرض میں وزیر اعلی ترقیاتی پیکیج سمیت مختلف محکموں کی جانب سے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی تکمیل سے عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر امیر فضل اویسی ، ایس ای بی اینڈ آر عبدالجلیل آغا، اسسٹنٹ کمشنر حافظ محمدقاسم ،اے سی مسلم باغ محمد جاوید ، تمام محکموں کے ضلعی آفسران نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ژوب ڈویژن نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اس سے نمٹنا صرف محکمہ صحت کا کام نہیں بلکہ یہ ایک ایمر جنسی مہم ہے اس میں ہر محکمہ اپنا کردار ادا کرے خصوصاً وہ آفیسران جن کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ پولیو مہم کے دنوں میں کوئی دوسرا کام نہ کریں انہوں نے ڈی ایچ او کو کوئی بھی ٹیم ممبر ،اریا انچارج ،اور ایریا سپروائزر تبدیل نہ کرنے اور ڈپٹی کمشنرسے لے کر پیرا میڈیکل سٹاف اور پولیو مہم میں کام کرنے والے اہلکاروں کی تربیت کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ضلع کا واحد ہسپتال ہے جس میں علاج معالجہ کی تمام سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا اس موقع پر ایکسیئن بی اینڈ آر عبدالمناف اور محمد حسن نے ترقیاتی کاموں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع قلعہ سیف اللہ میں سی ایم پیکیج کے تحت سولر سسٹم 30 ملین روپے ، فیملی پارک 15ملین روپے ،بلیک ٹاپ سڑکیں 26ملین روپے ،سپورٹس کمپلکس20روپے، ملین پبلک لائبریری ۱۱ملین روپے،پبلک لیٹرین 5ملین روپے ،فلٹریشن پلانٹ15ملین روپے ،نالیوں14ملین روپے ،ڈمپر ،لوڈر ،فائر برگیڈ۰۱ ملین روپے اورسرکٹ ہاوس کی مرمت کیلئے ۴ ملین روپے کے منصوبے تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں اور اکثرمنصوبوں کو رواں سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔

کمشنر ژوب نے کہا کہ حکومت کا پیسہ عوام کی امانت ہے اسے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ کیا جائے گا اور اس کی پائی پائی کا حساب رکھا جائے گا انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو دفتر میں سائن بورڈلگانے ، صفائی ستھرائی اور تمام غیر حاضر سٹاف کے خلاف کار وائی کرنے کی ہدایت کی۔

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں