تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کریں گے ، رحیم آغا

تاجروں کے کاروبار کو تحفظ دیں گے تاجروں کو تحفظ نہ ملنے سے حکومت بہت بڑے ریونیو سے محروم ہوجائیگی ،انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر و دیگر کا بیان

ہفتہ 19 ستمبر 2020 17:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم آغا، جنرل سیکرٹری حاجی اللہ داد ترین ،حاجی یعقوب شاہ کاکڑ ،حاجی اسلم ترین، حاجی فاروق شایوانی، میر اکرم بنگلزئی، محمد حسین ہزارہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پنجگور اور چیدگی بارڈر کے درمیان ڈاکو راج کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے چیدگی بارڈر اور پنجگور کے درمیان تاجروں کی گاڑیاں لوٹی جارہی ہیں اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے تو بھی غلط نہ ہوگا کہ ان ڈاکوؤں کو مقامی لیویز کی سرپرستی حاصل ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ چیدگی بارڈر پر کوئٹہ کے تاجروں کے روزانہ درجنوں ٹرک آتے ہیں جس سے حکومت کو روزانہ لاکھوں اور ماہانہ کروڑوں روپے ریونیو حاصل ہوتاہے مگر اس کے باوجود بھی مال بردار ٹرکوں کو لوٹا جاتاہے ہمارے ٹرکوں کو تحفظ حاصل نہیں اب چونکہ پنجگور میں ایک انتہائی ایماندار اچھی شہرت کے حامل ڈپٹی کمشنر تعینات ہوئے ہیں پنجگور کے موجودہ ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق ساسولی نے نوشکی میں تعیناتی کے دوران نوشکی کو امن کا گہوارہ بنایا ہے ہمیں امید ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور نوشکی کی طرح پنجگور میں بھی ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرکے ضلع پنجگور کو ڈاکوؤں کے لیے جہنم بنا دینگے اور تاجروں کا لوٹا ہوا سامان برآمد کرکے تاجروں میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کریں گے اور تاجروں کے کاروبار کو تحفظ دیں گے تاجروں کو تحفظ نہ ملنے سے حکومت بہت بڑے ریونیو سے محروم ہوجائیگی انجمن تاجران بلوچستان نے ڈاکوؤں کی عدم گرفتاری اور مسروقہ سامان برآمد نہ کرنے پر کوئٹہ اور پنجگور میں احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں