پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،میر عبدالقدوس بزنجو

منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیاجائے ، وزیراعلیٰ بلوچستان کی متعلقہ محکموں کو ہدایت

بدھ 17 جنوری 2018 23:26

پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے ،میر عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے منصوبہ بندی ‘ مواصلات و تعمیرات اور خزانہ کے محکموں کو رواں مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں شامل جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوںکے لئے مختص فنڈز کے سو فیصد اجراء کے لئے 15فروری 2018ء تک کا ہدف دیا ہے وہ بدھ کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے منصوبوں کی پیش رفت اور ان منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کے اجراء کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر عاصم کرد گیلونے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات قمرمسعود، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو شیر خان بازئی اور سیکرٹری خزانہ روحیل بلوچ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان محدود وسائل رکھتا ہے لہذا اہم ان وسائل کے ضیاع یا ان کے لیپس ہونے کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی متعلقہ ترقیاتی محکمے اپنی کارکردگی میں اضافہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو تیز کریں اور ان کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کا ازالہ کریںمحکمے اپنی خامیوں اور کوتاہوں کا جائزہ لیکر انہیں دور کریں ہم نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے زریعہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اتھارائیزیشن محکمہ خزانہ کو فنڈز کے فوری اجراء اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو منصوبوں کی معیار کے مطابق مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔

سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں ہونے والی تاخیر اور وفاق کی جانب سے انکم ٹیکس کی مد میں اضافی رقم کی کٹوتی سے پیداہونے والے مالی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے صوبے کے مالی وسائل پر اضافی بوجھ پڑا ہے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی اس سے مسئلہ کو فوری طور پر وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا جائے تاکہ وفاق کے ساتھ افہام و تفہیم کے ساتھ اس کا حل نکالاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں