ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان 25 جنوری کو عوامی شکایات کی شنوائی کے لئے کھلی کچہری لگائیں گے

اتوار 21 جنوری 2018 20:53

کوئٹہ ۔21 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) چیئرمین نیب کے احکامات کی بجاآوری میں ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان عرفان نعیم منگی جمعرات 25 جنوری کو عوامی شکایات کی شنوائی کے لئے کھلی کچہری لگائیں گے۔ عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ وہ کرپشن سے متعلق معلومات اور شکایات مکمل شواہد کے ساتھ نیب کے ریجنل آفس میں ڈی جی نیب کے روبرو پیش کر سکتے ہیں۔

نیب کے قانون NAO1999 کے دائرہ کار میں آنے والی تمام شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ انفرادی نوعیت کے معاملات متعلقہ محکموں کو ریفر کیے جائیں گے۔ کرپشن کی عفریت پر عوامی تعاون سے قابو پانے اور شکایت کے فوری ازالے کیلئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے عوامی شکایات سننے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں نیب کے تمام صوبائی سربراہان کو بھی ہدایت جاری کیں جس پر عملدرآمد کیلئے ڈی جی نیب بلوچستان بروزجمعرات25 جنوری 2بجے سے 4بجے تک کرپشن سے متعلق شکایات براہ راست خود سنیں گے۔

(جاری ہے)

عوام الناس کی راہنمائی کے لئے متعلع کیا جاتا ہے کہ ایسے جرائم جو نیب کے دائرہ کار میں آتے ہیں جیسے سرکاری خزانے کو فرد یا ادارے کی طرف سے نقصان پہنچایا گیا ہو، سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کر کے مالی فوائد حاصل کئے گئے ہوں، عوام الناس سے دھوکہ دہی کی گئی ہو، بینکوں، مالیاتی اداروں اور حکومتی واجبات کی دانستہ عدم ادائیگی کا ارتکاب کیا گیا ہو یا عوامی عہدے داروں اور سرکاری ملازمین اپنے مالی وسائل سے اعلیٰ زندگی گزاررہے ہوں اور ناجائز اثاثے بنائے ہوں، ایسی تمام شکایت پر فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن سے متعلق تمام شکایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوامی شکایات سننے کے لئے کھلی کچہری ہر ماہ کی آخری جمعرات کو مستقل بنیادوں پر لگائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں