عوام کے مسائل براہ راست معلوم کرکے حل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

پیر 22 جنوری 2018 23:40

کوئٹہ۔ 22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کے مسائل براہ راست معلوم کرکے حل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہاکہ عوام کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور موجودہ حکومت اس ذمہ داری کو شفاف طریقے سے ادا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سائلین کی درخواستوں پر عملدرآمد کا آغاز کرتے ہوئے کیاوزیراعلیٰ ہاؤس میںمنعقدہ کھلی کچہری میں درخواست دہندگان کو دو روز بعد ہی پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس بلایاگیا اور انکی درخواستوں پر عملدرآمد شروع کردیاگیا۔

ان میں زیادہ تر درخواستیںمالی مدد اور روزگار سے متعلق تھیں۔ موجودہ لوگوںکو ضرورت کے مطابق مالی مدد فراہم کی گئی جبکہ روزگار سے متعلق درخواستوں پر متعلقہ محکموںکومراسلے بھیجے گئے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں موجود سائلین کے علاوہ عام شہریوں نے بھی ایک طویل عرصہ بعد وزیراعلیٰ ہاؤس میںکھلی کچہری کے انعقاد ، بڑی تعداد میں لوگوں کی اس میں شرکت ،ان کی درخواستوں پر فوری رد عمل اور ان کے مسائل کے حل کے آغاز پر نہایت مسرت کے ساتھ خیر مقدم کیاہے شہری اس امر پر خوشی کا اظہار کررہے ہیں کہ پہلی بار عام لوگوں کو وزیراعلیٰ تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہوئی ہے جو حقیقی جمہوریت کی بحالی ،امور میںعوام کی شمولیت اور عوام کے اعتماد کی بحالی میںمدد گار ثابت ہوسکتی ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یقین دہانی کرائی کہ کھلی کچہری کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا اس کے علاوہ عوام کے قریبی رابطے انکی مشکلات سے آگاہی اور اان کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ وہ جلد ہی سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام کے ساتھ رابطے میںرہیں گے اور واٹس ایپ اور فیس بک پر شہری براہ راست وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل میں یقین رکھتے ہیں اور جتنے دن بھی اقتدار میںرہیں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں