کوئٹہ،بجلی کی 10گھنٹوں کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی شدید کمی کی مذمت کرتے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کیسکو حکام نے اپنا عوام دشمن عمل ترک نہ کیا تو پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ سخت احتجاج پر مجبور ہوگی ،تمام تر ذمہ کیسکو کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی ،انتباہ

اتوار 24 جون 2018 22:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کوئٹہ شہر کے پشتون آباد ، افغان مینہ ، افغان درہ ، پشتون مینہ ، پشتون درہ کے علاقائی سیکرٹریز ندا سنگر ، کبیر افغان ،نصیب اللہ نیازی ، جانان اچکزئی ، محمد رسول ، ظہور افغان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے مذکورہ بالا علاقوںبجلی کی 10گھنٹوں کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی شدید کمی کی مذمت کرتے ہوئے کیسکو حکام پر واضح کیا گیا ہے کہ اگر کیسکو حکام نے اپنا عوام دشمن عمل ترک نہ کیا تو پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ سخت احتجاج پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ کیسکو کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون آباد ، افغان مینہ ، افغان درہ ، پشتون مینہ ، پشتون درہ ، جان محمد روڈ فیڈر ،کواری روڈ وگرنواح کے علاقوں میں عید الفطر کے بعد 10گھنٹوں کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ مسلط کی گئی ہے شدید گرمی میں جب دل چاہا بجلی کی فراہمی بند کردی جاتی ہے جس کے باعث شیر خوار بچوں ، ضعیف العمر افراد ، خواتین اور بچوں سمیت تمام افراد کو لوڈشیڈنگ کی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ بجلی کی فراہمی کے دوران انتہائی کم وولٹیج پر بجلی کی فراہمی کی جاتی ہے جس کے باعث بجلی سے چلنی والے مختلف آلات ، ٹیوب ویل کی مشینری ،ثمر سیبل وغیرہ جل کر ناکارہ ہوجاتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کم وولٹیج کے باعث واسا کے آفیسران وملازمین ٹیوب ویل کو چلانے سے معذرت کرتے ہوئے قاصر رہتے ہیں اور تمام شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ واپڈ اکے بعض ملازمین پرائیویٹ ٹیوب ویلوں اور ٹینکرز مافیا کے ساتھ ملی بھگت کرکے عین پانی کی فراہمی والے دن اوراوقات میں یا تو T-offکردیتے ہیں ، یا لوڈزیادہ ہونے ،ٹرپ ہونے ، ٹرانسفارمر کی خرابی کے حیلے وبہانوں سے عوام کو گمراہ کررہے ہوتے ہیں۔

بجلی کی چوری کو قابو نہ کرنے اور من پسند علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے باعث اپنی نا اہلی کو چھپانے کیلئے ایسے گنجان آباد شہری علاقوں میں یہ عوام دشمن اقدامات کیئے جاتے ہیں کیونکہ وہ اس خام خیالی میں ہے کہ شہریوں کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں آئیگا اور نہ ہی احتجاج جو کہ ایک بڑی بھول ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی جانب بروقت بجلی کے بلوں کی مختلف ناروا ٹیکسو ں کی ادائیگی کے باوجود ان پر یہ اذیت ناک صورتحال مسلط کرنا کسی صورت نیک شگون نہیں بلکہ شہریوں کے صبر کا امتحان لیا جارہا ہے۔

اس تمام صورتحال کو اگر کیسکو کے اعلیٰ حکام نے سنجیدگی سے نہ لیا تو یہ عوام دشمن اقدامات ہمارے غیور عوام کے ناقابل قبول ہوگا ۔ لہٰذا کیسکو کے اعلیٰ حکام اپنے قابل اور صلاحیت یافتہ افیسران واہلکاران کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کرپشن میں ملوث اپنے بعض ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرکے پسند نا پسند کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ کے عمل کو ترک کرتے ہوئے بلا امتیاز بجلی درست وولٹیج میں فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں