ْنگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک کا دورہ کوئٹہ ،سراج رئیسانی کے خاندان سے تعزیت کا اظہار

وزیراعظم کا سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ، زخمیوں کی عیادت کی

اتوار 15 جولائی 2018 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونیوالے نوابزادہ سراج رئیسانی کے خاندان سے اظہارتعزیت کیااورفاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک اتوار کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

وزیراعظم نے زخمیوں سے طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کی خیریت کے حوالے سے دریافت کیا۔ وزیراعظم کو زخمیوں کی حالت کے بارے میں بھی بریفنگ بھی د ی گئی۔ دورے کے موقع پر گورنر بلوچستان،چیئرمین سینیٹ اور نگران وزیراعلی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کے بعد نگران وزیراعظم نوابزادہ سراج رئیسانی کے خاندان سے اظہارتعزیت کیلئے ساراوان ہائوس گئے ،جہاں انہوں نے نوابزادہ سراج رئیسانی کے خاندان سے اظہارتعزیت کیااوران کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور نگران وزیراعلی علائو الدین مری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔بعد میں نگران وزیراعظم سے گورنر بلوچستان اور نگران وزیراعلی نے ملاقات کی جس میں صوبے میں امن وامان سمیت مختلف امور پر بات کی گئی۔ نگران وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں