بلوچستان کے لوگ محب وطن اور وفادار ہیں جو ملک کے لئے ہر وقت جان نچھاور کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چائیے ، سپورٹس کے ذریعے ہمارے نوجوانوں نے بلوچستان اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائو الدین مری کا محکمہ کھیل کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مناسبت سے ڈویژنل سپورٹس گالاکی اختتامی تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 09:50

کوئٹہ۔13 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علائو الدین مری نے کہا ہے بلوچستان کے لوگ محب وطن اور وفادار ہیں جو ملک کے لئے ہر وقت جان نچھاور کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چائیے ، سپورٹس کے ذریعے ہمارے نوجوانوں نے بلوچستان اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مناسبت سے ڈویژنل سپورٹس گالاکی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چیف سیکرٹر ی بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، نگران صوبائی وزراء نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے ڈویژنل سپورٹس گالا کی اس شاندار اختتامی تقریب میں شرکت میرے لئے خوشی کا باعث ہے، سیاسی وعسکری قیادت، سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور بلوچستان کے غیور عوام کے تعاون کی بدولت آج بلوچستان میں امن قائم ہے۔

(جاری ہے)

وزیر علیٰ نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم یوم آزادی باوقار طریقے سے منائیں اور اس خوشی کے موقع پر ہمیں ان سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کو نہیں بھولنا چاہئے، جھنڈیاں اور بیج لگانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اس دن ان شہداء کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپورٹس گالا کا کامیاب انعقاد اور اس میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت امن کی نوید ہے سپورٹس گالا کے انعقاد سے ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آتے ہیں جن کے ذریعے وہ صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپورٹس گالا کا کامیاب انعقاد ملک دشمن عناصر اور ان کے آلہ کاروں کے لئے پیغام ہے کہ بلوچستان کے محب وطن شہریوں نے ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنادیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملک اور صوبے کی حفاظت اور تعمیر وترقی کے لئے پرعزم ہیں،سی پیک کی صورت میں ہمیں ترقی کا بڑا موقع مل رہا ہے جس سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھا کر تعمیروترقی کے ایک عظیم سفر کا آغاز ہوسکتا ہے جس میں ہمارے نوجوانوں کا بڑا کردار ہوگا، قبل ازیں تقریب میں مختلف سکولوں کی طالبات نے قومی اور ثقافتی نغمے پیش کئے۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ اور نگران صوبائی وزراء نے سپورٹس کے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے ۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب میں حصہ لینے والے طلباء وطالبات کے لئے دس لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں