ہماری خواتین کسی سے کم نہیں ، ہماری خواتین دنیا کا ہر کام کر سکتی ہیں،خواتین گھروں سے نکل کر ملک کی ترقی میںاپنا حصہ ڈال رہی ہیں، وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ

ہفتہ 18 اگست 2018 00:50

کوئٹہ۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ریجنل ڈائریکٹوریٹ وزارت انسانی حقوق بلوچستان کوئٹہ اور مختلف این جی اوز کے تعاون سے جشن آزادی کے حوالے سے ہنر مند خواتین بنائے ہوئے کشیدہ کاری کے حوالے سے نمائش اور سیمینار کا انعقاد ہوا، تقریب میں دوسرے سیشن کی مہمان خصوصی نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق و ریلوے محترمہ روشن خورشید بروچہ تھیں، ریجنل ڈائریکٹر ہومن رائٹس بلوچستان جہاں آراء تبسم ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیو ٹیک منان گوہر، این جی اوز کے نمائندوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین و حضرات اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے نمائش اور سیمنارمیں شرکت کی، محترمہ روشن خورشید بروچہ نے اس موقع پر نمائش میں موجود اسٹالوں کا معائنہ کیا اور خواتین کی ہاتھ سے بنائی ہوئی کشیدہ کاری اور پینٹنگز اور کھانے پینے کے سامان کی تعریف کی، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر محترمہ روشن خورشید بروچہ نے کہا کہ آج ان خواتین کا کام اور ہنر دیکھ کر از حد خوشی اور حیرت ہو رہی ہے کہ ہماری خواتین کسی سے کم نہیں ، ہماری خواتین دنیا کا ہر کام کر سکتی ہیں، ان میں ٹیلنٹ بلا کا ہے، ان خواتین کی تعریف اس لئے بھی ضروری ہے کہ یہ خواتین گھروں سے نکل کر ملک کی ترقی میںاپنا حصہ ڈال رہی ہیں، اور مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ قدم ملا کر اپنے حصے کا فرض ادا کر رہی ہیں، جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ یہ تقریب بلاشبہ شاندار ہے اور ہومن رائٹس کی صوبائی سربراہ جہاںآراء تبسم بہت محنت کر رہی ہیں،اختتامی تقریب سے ریجنل ڈائریکٹر بلوچستان جہاں آراء تبسم نے ہونے والی تقریب کے اغراض و مقاصد بتائے اور کہا کہ مستقبل میں بھی مزید ایسی ہی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور خواتین کے فلاح اور بہبود کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں نگران وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ نے این جی اوز کے نمائندوں میں اسناد تقسیم کئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں