کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، کوئٹہ میں 200سے زائد مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوئے،وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیئرمین سینٹ نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نماز عید ادا کی،عید نماز کے موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے

بدھ 22 اگست 2018 13:00

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2018ء) بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں بدھ کوعیدالاضحی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی تحفظ اور استحکام کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔کوئٹہ میں 200سے زائد مقامات پر چھوٹے بڑے عید کے اجتماعات منعقد ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان ،چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی۔

کوئٹہ میں سب سے بڑا عیدکا اجتماع عیدگاہ طوغی روڈ پر منعقد ہوا اسکے علاوہ ریلوے ہاکی گراؤنڈ، سائنس کالج گراؤنڈٴْگورنمنٹ سنڈیمن ہائی اسکول ،جامعہ رشید یہ اسماعیل کالونی ، سرکی روڈ، جامع مسجد پی ایس پی کالونی کینٹ،جامع مسجد بلوچی اسٹریٹ،جامع مسجد گول مسجد،سیٹلائٹ ٹاؤن ،جامعہ ضیاء القرآن رحیمیٹاون سریاب کسٹم ،عیدگاہ تعمیر نو کالج ،عیدگاہ جبل نورالقرآن ،جامع مسجد شہباز ٹاؤن ،مرکزی عہدگاہ مسجد بلال سمیت دیگر مقامات پر عید کے اجتماعات ہوئیجس میں علماء کرام اور خطباء حضرات نے قربانی کی افادیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ صوبے کے مختلف علاقوں کوئٹہ ،پشین ، خضدار مستونگ ، ڈیرہ بگٹی ،لورالائی ، گوادر ، نصیرآباد ، سبی ، چمن،مستونگ،خضدار، قلات، پنجگور ،تربت، لسبیلہ ، گوادر ، حب ،سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی عیدا لضحیٰ کے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں علماء کرام اور مذہبی اسکالر ز نے پاکستان میں امن واستحکام سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے سنت ابراہمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔ عیدکے موقع پرسیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر 200کے قریب عیدگاہوں پر 5ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹیاں سرانجام دیں جبکہ 12اہم عیدگاہوں،امام بارگاہوں پر سیکورٹی گیٹس اوراسپیشل برانچ کا تربیت یافتہ عمل تعینات کیا گیا تھا جو نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والوں کی جامع تلاشی کے بعدانہیں عیدگاہوں میں جانے کی اجازت دے رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں اور شہر کے 61مقامات پر ناکے لگاکر چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ شہر میں 80پولیس موبائل ،200موٹرسائیکلوں پر ایگل اسکواڈ کے اہلکار گشت کرتے رہے اسکے علاوہ فرنٹیر کور بلوچستان کے اہلکار بھی عیدگاہوں کے باہر تعینات کئے گئے تھے تاہم اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں