جس کو تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا شوق ہے وہ اپنا شوق پورا کریں،وزیراعلی بلوچستان

سیاسی لوگ ہیں اس کا مقابلہ کریں گے ،سیاست میں اس طرح ہوتا رہتا ہے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، صحافیوں سے بات چیت صحافی کے پنجابی زبان میں (پتھر بارونہیں اندرو آیا ہے )جس پر وزیراعلی سمیت صوبائی وزراء اور صحافیوں نے زور دار قہقہ مارا

منگل 16 اکتوبر 2018 21:49

جس کو تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا شوق ہے وہ اپنا شوق پورا کریں،وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیراعلی بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)کے صدر میر جام کمال خان عالیانی نے کہاہے کہ اگر کسی کو میرے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا شوق ہے تو ضرورپورا کریں میری حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ،ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،سیاست میں سب کچھ ہوتا رہتا ہے ،جولوگ تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہیں اس کا باقاعدہ اعلان کرتے ہیں اور سامنے آتے ہیں ہم ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ہم سیاسی لوگ ہے اور سیاسی طورپر مقابلہ کریں گے ،انہوںنے یہ بات منگل کے روز وزیراعلی سیکرٹریٹ میں لسبیلہ ،خضدار ،کوئٹہ کے طلباء وطالبات میںلیپ ٹاپ کی تقسیم کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،وزیراعلی بلوچستان نے اس موقع پر 105لیپ ٹاپ تقسیم کئے ،وزیراعلی بلوچستان میر جام کمال سے جب پوچھا گیا کہ بلوچستان میں گزشتہ روز جو ضمنی الیکشن ہوئے ہیں ان میں بلوچستان عوامی پارٹی کا امیدوار ہار گیا ہے اس کے مقابلے میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد یہ خبریں ٹی وی اورسوشل میڈیا پر نشر ہورہی ہے کہ اب بلوچستان میںآپ کے کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے اور اسکے بعد مرکز میں بھی یہ تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی تو انہوں نے کہاکہ جس کو تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا شوق ہے وہ اپنا شوق پورا کریں ہم سیاسی لوگ ہیں اس کا مقابلہ کریں گے ،سیاست میں اس طرح ہوتا رہتا ہے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،جب وزیراعلی بلوچستان کو ایک صحافی نے بتایاکہ بلوچستان کی مخلوط کابینہ میں شامل آپکے ایک اتحادی رکن کو اسلام آباد میں 3مختلف مرکزی محکموں کا انچارج بنایا گیا ہے وہ تو اب چلے گئے ہیں ، جس پر وزیراعلی بلوچستان نے بے ساختہ کہاکہ کیا اب اور بھی کوئی ہے اور اسکے بعد زیر لب مسکرائے ،جب وزیراعلی بلوچستان سے دوبارہ پوچھا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کی خبریں اس موقع پر کیوں نشر ہورہی ہے ،پہلے ایسا ہوتا تھا کہ جو بھی تحریک عدم اعتماد پیش کرتا تھا وہ اس کا اعلان سامنے آکر کرتاتھا ابھی تک کوئی سامنے نہیں آیا جس پر صحافی نے پنجابی زبان میں کہاکہ جام صاحب پتھر بارونہیں اندرو آیا ہے جس پر وزیراعلی سمیت صوبائی وزراء اور صحافیوں نے زور دار قہقہ مارا ،اس موقع پر صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران ،میر طارق مگسی ،میر عمر جمالی ،مشیر وزیراعلی بلوچستان مٹھا خان کاکڑ ،محمد خان لہڑی ،عبدالخالق ہزارہ ،طور اوتمانخیل سمیت دیگر اعلی حکام موجود تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں