ہم نئے وژن کے ساتھ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کا آغاز کررہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول، سہولیات اور ترغیبات فراہم کی جائیں گی، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو فعال کرکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جام کمال خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 22:17

ہم نئے وژن کے ساتھ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کا آغاز کررہے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ ہم ایک نئے وژن کے ساتھ صوبے کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کا آغاز کررہے ہیں جس کے تحت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول، سہولیات اور ترغیبات فراہم کی جائیں گی، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو فعال کرکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ فرٹیلائزر گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فواد احمد مختار اور گروپ کے دیگر حکام سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، سیکریٹری معدنیات اور سیکریٹر قانون بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ اس موقع پر حکومت بلوچستان اور فاطمہ فرٹیلائزر گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے جس کے تحت فاطمہ فرٹیلائزر گروپ معدنیات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا اورجلد اس یادداشت کو حتمی شکل دے کر صوبائی حکومت اور فاطمہ فرٹیلائزر گروپ کے مابین باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے شعبہ میں منافع بخش اور محفوظ سرمایہ کاری کے روشن امکانات اور وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت اس شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش مند کمپنیوں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی، صنعت کاری کے ذریعہ بلوچستان کی معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کرکے انہیں بین الاقوامی مارکیٹوں میں متعارف کروایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سرمایہ کار کوئلہ اور دیگر معدنیات کی تلاش اور ترقی کے عمل میں مقامی مائنز اونرز اور تاجروں کو شراکت داری کا موقع دیں جس سے مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

بعدازاں حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکریٹر معدنیات اور سیکریٹری قانون جبکہ فاطمہ فرٹیلائزر گروپ کی جانب سے کمپنی سیکریٹری اوصاف قریشی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ کئے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں