18ویں ترمیم کو ختم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ، طویل عرصے بعد چھوٹے صوبوں کو اختیارات اور حقوق ملے، وزیراعظم نے کہا کہ اکثر سیاسی لیڈر مجرم ہیں، وہ مجرموں کی لسٹ قوم کے سامنے پیش کریں،

100 دن گزرجانے کے بعد ہم وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرینگے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 22 اکتوبر 2018 17:53

18ویں ترمیم کو ختم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ، طویل عرصے بعد چھوٹے صوبوں کو اختیارات اور حقوق ملے، وزیراعظم نے کہا کہ اکثر سیاسی لیڈر مجرم ہیں، وہ مجرموں کی لسٹ قوم کے سامنے پیش کریں،
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو ختم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ، طویل عرصے بعد چھوٹے صوبوں کو اختیارات اور حقوق ملے، وزیراعظم نے کہا کہ اکثر سیاسی لیڈر مجرم ہیں، وہ مجرموں کی لسٹ قوم کے سامنے پیش کریں، 100 دن گزرجانے کے بعد ہم وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی دفتر الفلاح ہائوس گیلانی روڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اظہر اقبال احسن، صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالکبیر شاکر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان میں 35ہزار اسامیاں خالی پڑی ہیں، ہر سال 30ارب روپے خرچ کرنے کے باجود امن وامان کی صورتحال توجہ کی متقاضی ہے، حکومت کو صوبے کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں میں مقامی لوگوں کی شراکت داری اور گوادرکے ماہی گیروں کے مسائل کے حل کرنے کے ساتھ گوادر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ بلوچستان کی ترقی سے ہی پاکستان کی خوشحالی وترقی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے کی بجائے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات اور وزراء اور مشیروں کی تعداد میں کمی کرنا چاہیے،ماضی میں غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کئے گئے 345 بلین ڈالر واپس پاکستان لانے کے لیے جامع اصلاحات متعارف اور موثر حکمت عملی وضع کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا، اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے قومی اداروں کو تباہ کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اکثر سیاسی لیڈر مجرم ہیں اس لیے جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعظم مجرموں کی لسٹ قوم کے سامنے پیش کریں کیونکہ مجرموں کو جیل میں جاناچاہئیے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں