بلوچستان میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کے لئے صوبائی حکومت نیب کی بھرپور معاونت کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا نیب بلوچستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

بدھ 12 دسمبر 2018 19:50

بلوچستان میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کے لئے صوبائی حکومت نیب کی بھرپور معاونت کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا نیب بلوچستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں اب مزید کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں، ہماری پالیسیوں پر کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کا انحصار ہے، وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے 600 اسکیموں کی نشاندہی کی جو کاغذوں میں مکمل ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، بلوچستان میں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے، صوبے کا ریونیو 15 ارب روپے اور 3 سو ارب دیگر ذرائع سے حاصل کرنا پڑتے ہیں، صوبے کے ملازمین کا پینشن بل 23 ارب روپے ہے، بلوچستان میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کیلئے صوبائی حکومت نیب سے بھر پور معاونت کرے گی۔

وہ بدھ کو نیب بلوچستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں اراکین اسمبلی،مختلف محکموں کے سیکرٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ دنیاوی اور دینی معاملات کو صاف رکھیں، اسلام میں جبر نہیں لیکن خوداحتسابی کا عمل دین میں موجود ہے، اگر ہم مالی مشکلات میں پھنس گئے تو معاشرتی برائیاں بھی بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دین کو اپنا حصہ بنانا ہوگا، ہمارے منصب کا تقاضا ہے کہ غلط کام سے انکار کریں اور صوبے کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریںکیونکہ بلوچستان ہم سے ہے اور ہم بلوچستان سے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب اس صوبے سے ہمیں بہت کچھ ملنا ہے تو ہم اسکا ماحول کیوں خراب کریں اس لئے ہمیں ذاتی مفادات کی بجائے مفادات عامہ کے فیصلے کرنا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جو تباہی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی، صوبے کی 15 سالہ پرانی اسکیموں کا بھی مکمل نہ ہونا سیاسی لوگوں کا قصور ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی لاپرواہی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کی چھان بین نہیں کرتی، انہوں نے کہا کہ ماضی میںصوبے میں بدانتظامی سے کرپشن کو فروغ ملا اگر ہم خاموش رہے تو کبھی چیزیں درست نہیں ہونگی، اگر انسان برائی کی دلدل میں پھنس جائیں تو آپ کا احساس مرجائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان عابد جاوید نے کہا کہ کرپشن کے اقسام قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی پہلی تقریر میں بیان کی تھی ہم سب کو کرپشن کے بیخ کنی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بدعنوانی کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں نیب کی کوشش ہے کہ لوٹی ہوئی رقم ریکور کرکے حکومت کے حوالے کریں۔ انہوں نے کہاکہ جلد چیئرمین نیب بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ڈی جی نیب نے کہا کہ سیکرٹریز معلومات کی فراہمی میں مدد کریں تو کرپشن کا تدارک ممکن ہے۔ ڈی جی نیب بلوچستان عابد جاوید نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو 46کروڑ کا چیک دیا جو مختلف کرپشن کیسز میں صوبائی محکموں کے بدعنوان عناصر سے ریکور کئے تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں