عوام کو بہترین طبی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی تک آسان رسائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری

جمعرات 13 دسمبر 2018 01:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری نے بد ھ کے روز مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک اور سرکاری ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین کا دوہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اصغرخان، سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ودیگر متعلقہ حکام ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے دونوں ہسپتالوں کے دورے کے دوران لیبارٹریز، میڈیسن اسٹور اور شعبہ حادثات سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور شعبہ جات کے متعلقہ ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف سے تفصیلی بات چیت بھی کی۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہسپتالوں کی ابتر صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پچھلی حکومتوں نے شعبہ صحت کی بہتری پر کوئی توجہ نہیں دی۔

(جاری ہے)

شعبہ صحت جدید خطوط پراستوار کرنا اور عوام کو بہترین طبی اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی تک آسان رسائی موجودہ مخلوط صوبائی حکومت اور ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو بہترین سہولیات صحت کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت غریب عوام کو صحت کارڈ بھی جاری کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ہسپتالوں کی انفراسٹرکچر بہتر بنانے ادویات کی فراہمی یقینی بنانے سمیت دیگر ضروری طبعی آلات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ بعد ازیں صوبائی وزیرنے بنیادی مرکز صحت منزکی کا بھی اچانک دورہ کیا جہاں ادھوری کوارٹرز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ مکمل ادائیگی کے باوجود نامکمل تعمیراتی کام نہ صرف قابل افسوس ہے بلکہ یہ عوام کے پیسوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ اور آفیسران کی غفلت اور لاپروائی کی انتہا ہے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر پشین کو سختی سے ہدایت کی یہ کیس نیب اور اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایک پائی کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں کسی صورت بھی عوام کے پیسوں کاضیاع برداشت نہ کیا جائے گا صوبائی وزیرنے منزکی کے بنیادی مراکز صحت میں صفائی کاخیال نہ رکھنے پر متعلقہ شعبہ کے تمام سٹاف کو معطل کرنے کی ہدایت کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں