مغوی ڈاکٹر کی بحفاظت بازیابی کیلئے شواہد کی روشنی میں اقدامات اٹھا رہے ہیں ،نصیب اللہ خان مری

ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے،صوبائی وزیر صحت میر

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مغوی ڈاکٹر کی بحفاظت بازیابی کیلئے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں اقدامات اٹھا رہے ہیں ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم پی اے ہاسٹل میں مغوی ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے آرگنائزر ڈاکٹر لطیف کاکڑ بھی موجود تھے میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ مجھے حکومت کو مغوی ڈاکٹر پروفیسر نیورو سرجن شیخ ابراہیم خلیل کے اغواء پر انتہائی افسوس اور دکھ ہیں کہ انسانیت کے مسیحا کے ساتھ اس طرح کا سلوک روا رکھنا کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے اور سوسائٹی میں زیب نہیں دیتا کیونکہ ڈاکٹروں نے ہمیشہ اس صوبے میں بسنے والے دکھی لوگوں کی انسانیت کے مسیحا بن کر خدمت کی ہیں ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ انسانیت کے مسیحا کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرنا کسی طور پر بھی درست عمل نہیں انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ صحت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بحفاظت بازیابی کیلئے بھر پور کوششیں کررہے ہیں اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں آگے بڑھ رہے ہیں اسی لئے حکومت نے ان کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹیگیشن کوئٹہ کررہے ہیں کمیٹی میں تمام اداروں کے نمائندے موجود ہیں جو 15 روز میں اپنی رپورٹ مرتب کرکے حکومت کو دی گی انہوں نے کہاکہ ہم مغوی ڈاکٹر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ہماری اور اداروں کی کوشش ہے کہ فوری طور پر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے اس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اس موقع پر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اہلخانہ نے صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پی ایم اے سمیت ڈاکٹروں کی دیگر تنظیموں سمیت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کی بحفاظت بازیابی کیلئے جو اقدامات اٹھارہے ہیں اس سے ہم مطمئن ہیں ہماری درخواست ہے کہ ان کی فوری بحفاظت بازیابی کو یقینی بناکر اہل خانہ میں پائی جانے والی بے چینی اور تشویش کو دور کیا جائے جس پر صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی بحفاظت بازیابی کو بہت جلد یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں