حکومت تدریس کے شعبے میں تحقیق، آئی ٹی اور سائنسی تحقیق پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کا ویژن ہے،صوبائی سیکرٹری تعلیم محمد طیب لہڑی

ہفتہ 15 دسمبر 2018 23:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) صوبائی سیکرٹری تعلیم وسکولز محمد طیب لہڑی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تدریس کے شعبے میں تحقیق، آئی ٹی اور سائنسی تحقیق پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کا وژن ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ اس سلسلے میں اساتذہ طلباء و طالبات اور والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ ایمانداری اور خلوص نیت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ بچوں کی پڑھائی میں کوئی حرج نہ ہو۔ اساتذہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقبل کے معماروں کی تربیت و نشونما میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم و تحقیق کے میدان میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سنڈیمن ہائیر سیکنڈری سکول کوئٹہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ اختر محمد کھیتران،پرنسپل گورنمنٹ سنڈیمن ہائیر سیکنڈری سکول ڈاکٹر نصیر علی شاہ،چئیرمین ایل ای سی حاجی عبیداللہ، چئیرمین پی ٹی ایس ایم سی حاجی عبدالباری، سردار علاوالدین اور ڈاکٹر محمد ہارون بھی موجود تھے۔

انہوں نے چائلڈ فرینڈلی سپیس روم کا افتتاح بھی کیا اسکے علاوہ انہوں نے سنڈیمن ونٹر کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے سیکرٹری تعلیم محمد طیب لہڑی کو بتایا کہ گزشتہ چار سالوں سے سنڈیمن ونٹر کیمپ میں پورے صوبے کے جماعت نہم سے گیارویں کے طلباء وطالبات کو مفت ٹیوشن پڑھائی جاتی ہے۔ اور ہر سال کی طرح اس سال بھی سنڈیمن ونٹر کیمپ میں مفت ٹیوشن کلاسوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

سیکرٹری تعلیم محمد طیب لہڑی نے گورنمنٹ سنڈیمن ہائیر سیکنڈری سکول کے پرنسپل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ادارے کو سینٹر آف ایکسیلینس ان ایجوکیشن بنانا چاہتے ہیں اور گورنمنٹ سنڈیمن ہائیر سیکنڈری سکول جیسے مزید اداروں کے قیام میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سکولوں کی ہر ممکن معاونت کی جائیگی۔ انہوں نے سکول میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنیکی یقین دھانی بھی کروائی۔ آخر میں انہوں نے پرنسپل اور سٹاف کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں