کوئٹہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، کاروبار زندگی مفلوج، علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا

اتوار 20 جنوری 2019 20:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) کوئٹہ میں بارش باران سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، قمبرانی کے علاقے میں بارشوں کے پانی سے نالے میں طغیانی آنے سے درجنوں گھروں میں پانی آگیا کاروبار زندگی مفلوج ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ کا ہنگامی دورہ عوام کی مدد و بحالی کے لئے ریسکیو کارروائیاں شروع کردی گئی۔

ہفتہ کی شب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شروع ہونے والی بارشوں سے کلی قمبرانی سمیت سریاب کے متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں سب سے زیادہ نقصان قمبرانی روڑ کشمیر آباد میں ہوا جہاں نالے میں طغیانی آنے سے درجنوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا اور عوام کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

علاقے سے رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے اتوار کی صبح متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوامی مشکلات کا جائزہ لیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی نے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے بحالی سرگرمیوں کی ہدایت کی جس پر علاقے میں ریسیکو سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔ اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے کہا کہ سریاب میں عرصہ دراز سے ترقیاتی منصوبوں کی عدم تشکیل کے باعث عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور غیر معمولی موسمی حالات میں عوام کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وسیع المدتی منصوبے تشکیل دیکر ان پر وسائل کے مطابق مرحلہ وار عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں