حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور پارٹی کے منشور پر عملدرآمد سے صوبے کے عوام کا بی اے پی پر اعتماد پختہ ہورہا ہے،وزیراعلی

پارٹی کارکن اور عہدیدار فعال اور متحرک رہتے ہوئے پارٹی کی پالیسیوں سے عوام کو آگاہ کریں، پارٹی امور کی انجام دہی میں کارکنوں کی مشاورت کو اہمیت حاصل رہے گی، جام کمال خان کی وفد سے گفتگو

جمعہ 15 فروری 2019 22:32

حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور پارٹی کے منشور پر عملدرآمد سے صوبے کے عوام کا بی اے پی پر اعتماد پختہ ہورہا ہے،وزیراعلی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور پر عملدرآمد سے صوبے کے عوام کا بی اے پی پر اعتماد پختہ ہورہا ہے اور پارٹی مقبولیت میں بھی اضافہ ہورہا ہے، پارٹی کارکن اور عہدیدار فعال اور متحرک رہتے ہوئے پارٹی کی پالیسیوں سے عوام کو آگاہ کریں، پارٹی امور کی انجام دہی میں کارکنوں کی مشاورت کو اہمیت حاصل رہے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے عبدالفتح جمالی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ ، پارلیمانی سیکریٹری میرسکندر عمرانی اور دنیش کمار بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلی نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت میں کارکنوں اور عہدیداروں کی بے پناہ اہمیت ہوتی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی کارکنوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے، ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور اور رکنیت سازی کے عمل پر بھی بات چیت کی گئی، پارٹی کے صدر نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ انہیں درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور پارٹی کے صوبائی زرا اور پارلیمانی سیکرٹریوں کو کارکنوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور پارٹی سیکریٹریٹ کو وقت دینے کا پابندکیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کارکنوں کے وفد نے پارٹی کے صدر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قیادت میں حکومتی فیصلے پارٹی کے لئے باعث تقویت ہیں ان سے پارٹی کے لئے عوامی پذیرائی میں اضافہ ہورہا ہے اور ہم اعتماد کے ساتھ عوام کے پاس جارہے ہیں۔ وفد نے پارٹی کے آئین اور منشور کی پاسداری کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں