وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کوئٹہ پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد

ملک بھر میں مختلف میڈیا ہاوسز کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مسلسل کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ملازمتوں کا کوئی تحفظ نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے پورئے ملک میں صحافی اور صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں لیکن وفاقی حکومت نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے،ایسے میں وفاقی وزیر اطلاعات کا صحافیوں سے رویہ اور ان کے اقدامات افسوسناک ہیں ،کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا بیان

جمعہ 15 فروری 2019 22:48

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کوئٹہ پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے صحافیوں سے ناراو رویئے ، صحافیوں کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تنخواہوں سے کٹوتیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہنے کے باوجود میڈیا ہاوسز کے خلاف کاروائی سے مسلسل گریز کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے کوئٹہ پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد اور ان کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ، کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں مختلف میڈیا ہاوسز کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مسلسل کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، ایک جانب صحافیوں کا معاشی قتل کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب ملازمتوں کا کوئی تحفظ نہ ہونے کی وجہ سے صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ، جس پر پورئے ملک میں صحافی اور صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں لیکن وفاقی حکومت نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ، جبکہ ایسے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا صحافیوں سے رویہ اور ان کے اقدامات افسوسناک ہیں ، وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے صحافی تنظیموں کے قائدین کو ملاقات کا وقت دینے کے بعد ملاقات کے لئے نہ آنے کی شدید الفاظ مین مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے وفاقی وزیر کے اس اقدام سے پورئے ملک کے صحافیوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات میڈیا میں جاری اس بحران پر قابو پانے اور صحافیوں کی جبری برطرفیوں ، تنخواہوں کی بندش اور تنخواہوں سے کٹوتیوں کا سلسلہ بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی بجائے جانبدارانہ کرادا ادا کررہے ہیں ، موصوف کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود کوئی اقدام نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی حکومت اور فاقی وزیر صحافیوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا سلسلہ رکوانے میں کوئی کردار ادا کرنے کے لئے تیار نہیں ، جو انتہائی افسوسناک امر ہے ، بیان میں اس امر کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے کہ صحافیوں کے خلاف جاری اقدامات کے خلاف ملک بھر میں صحافیوں کی تمام تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکی ہیں اور اس اتحاد کے زریعے صحافیوں کے حقوق کا بھر تحفظ کیا جائے گا ، بیان میں ملک کی صحافتی تنظیموں کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کلبز میں داخلے پر پابندی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہوئے فاقی وزیر اطلاعات کی کوئٹہ پریس کلب میں بھی داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس دوران اگر وہ کوئٹہ کا دورہ کرتے ہیں تو سخت احتجاج کیا جائے گا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں