مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کو بس سے اتار کرقتل کردیا گیا

بزدل دہشت گردوں نے بے گناہ نہتے مسافروں کو قتل کرکے بربریت کی انتہا کی.وزیراعلیٰ بلوچستان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اپریل 2019 10:48

مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کو بس سے اتار کرقتل کردیا گیا
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اپریل۔2019ء) بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک بس کے مسافروں پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں. ذرائع کے مطابق مسلح ملزمان نے بس سے مسافروں کو شناخت کے بعد اتارا اور ان پر فائرنگ کر دی، واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے.

لیویز ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد لیویز اور مقامی پولیس پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشیں اورماڑہ ہسپتال منتقل کی گئی ہیں. تفصیلات کے مطابق اورماڑا میں دہشت گردوں نے بسوں سے اتارکر 14افراد کو قتل کردیا ہے.

(جاری ہے)

جمعرات کے روز اورماڑا میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں دہشت گردوں نے مسافربسوں سے اتارکر14افراد کو قتل کردیا گیا.

تمام افرادکوشناختی کارڈ دیکھ کرفائرنگ کرکے قتل کیا گیا، واقعہ مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آیا جاں بحق ہونےوالوں کی لاشیں اورماڑہ منتقل کردی گئیں . لیویز ذرائع کے مطابق کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب تمام افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقو ع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا. اس سے قبل گزشتہ ماہ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے سپرنٹنڈنٹ جان کی بازی ہارگئے تھے.

یاد رہے کہ 2 فروری کو بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو ہلاک کردیا تھا. لیویز حکام کا کہنا تھا کہ زمران کے پہاڑی علاقوں میں لاشوں کی اطلاع ملی جس پر لیویز اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کیا. لیویز حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مارے جانے والے افراد منشیات ڈیلرتھے، جنہیں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا.

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اورماڑہ فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گردوں نے بے گناہ نہتے مسافروں کو قتل کرکے بربریت کی انتہا کی. اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ امن کے دشمن اپنے بیرونی آقاﺅں کے اشارے پر اپنے ہی لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، صوبے کے عوام کی تائید وحمایت سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا.

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بیرونی عناصر کے ایجنڈے پر عمل پیرا دہشت گردوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک کو بدنام کرنے اور بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی گھناﺅنی سازش ہے‘وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ ترقی اور امن کا سفر ہر صورت جاری رہے گا، صوبے کے عوام کی تائید و حمایت سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عمل جاری رہے گا.

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں