ہزارگنجی واقعہ کے لگے ہوئے زخم تازہ تھے کہ ایک اور اندوہناک واقعہ ہو گیا ،

دشمن نے بیگناہ غریب معصوم لوگوں کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنا ڈالا،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 18 اپریل 2019 17:00

ہزارگنجی واقعہ کے لگے ہوئے زخم تازہ تھے کہ ایک اور اندوہناک واقعہ ہو گیا ،
کوئٹہ /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے مکران کوسٹل ہائی وے اورماڑہ میں ہونے والے دہشت گردی کے اندوہناک واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کے سفاکانہ قتل پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ ابھی ہمیں ہزارگنجی واقعہ کے لگے ہوئے زخم تازہ تھے کہ ایک اور اندوہناک واقعہ ہو گیا اور دشمن نے بیگناہ غریب معصوم لوگوں کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنا ڈالا۔

اپنے ایک بیان میں قاسم خان سوری نے کہا کہ ایک عرصہ سے بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی جانب سے ظلم ہو رہا ہے اور ہمارے صوبہ میں بے گناہ معصوم لوگ، ہمارے بزرگ، ہمارے بہن بھائی شھید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک عرصہ سے ہم دشمنوں کے نشانے پر ہیں دشمن کبھی یہ نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن و ترقی ہو اسی لئے پیٹھ پیچھے وار کرتا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کسی علاقے، رنگ ونسل، زبان،پیشے یا عقیدے کو قتل کا جواز بنانے والے انسانیت کی تذلیل ہیں معصوم لوگوں کے شناختی کارڈ دیکھ کر انھیں دیگر مسافروں سے پشت پر ہاتھ باندھ کے الگ کرنا اور پھر ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دینا یہ دنیا کی کسی بھی جنگ کے اصولوں میں نہیں، یہ سفاکیت کی انتہاء ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کافی سالوں سے اندرونی اور بیرونی محاذوں پر حالت جنگ میں ہے ہم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پہلے بھی پرعزم اور یکجا تھے اور آج بھی پرعزم اور یکجا ہیں دہشتگردی کے اس سفاکانہ فعل میں شھید ہونے تمام لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اللہ تعالیٰ شھداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں