ہمارے بھی وہی مطالبات ہیں جو آپ کے ہیں ‘ہمیں عوام کے مسائل کا بخوبی احساس ہے اور ہم اپنے عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں،صوبائی مشیر تعلیم برائے ثانوی تعلیم بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی

جمعرات 18 اپریل 2019 22:35

کوئٹہ . (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) چار جماعتی اتحاد کے زیر اہتمام نصیر آباد لانگ مارچ کے شرکاء تاج بلوچ کی قیادت میں تیرہ روزہ پیدل مسافت طے کرکے جمعرات کے روز صوبائی دارلحکومت کوئٹہ پہنچے جہاں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے پیدل مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا۔ بعد ازاں پیدل مارچ کے شرکاء کوئٹہ پریس کلب پہنچے جہاں مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

صوبائی مشیر تعلیم برائے ثانوی تعلیم بلوچستان حاجی محمد خان لہڑی مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پریس کلب پہنچے جہاں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ نصیر آباد کے عوام کو درپیش تمام مسائل بتدریج حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ مراد جمالی کے عوام کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے سمری وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کو ارسال کردی ہے جس کی منظوری کے بعد عوام کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لئے باضابطہ آرڈر جاری ہوجائے گا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار میں کمی کے لئے کیسکو سربراہ سے بات کی جاررہی ہے ۔

(جاری ہے)

حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہمارے بھی وہی مطالبات ہیں جو آپ کے ہیں ہمیں عوام کے مسائل کا بخوبی احساس ہے اور ہم اپنے عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ اس موقع پر احتجاجی ریلی کے سربراہ تاج بلوچ نے مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں بلکہ ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں مطالبات پر عمل درآمد کے لئے دو ماہ انتظار کرینگے اگر پیش رفت نہ ہوئی تو اپنے حقوق کی جدوجہد کو جاری ساری رکھیں گے اس سے قبل سینٹر کبیر محمد شہی اور سابق سینٹر جمال شاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ان کے مطالبات کی حمایت کی اور عوامی مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں