ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران محکمہ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،صوبائی مشیر محمد خان لہڑی

جمعہ 19 اپریل 2019 23:45

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران محکمے تعلیم کے بنیادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ڈی ای اوز سکولوں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تمام اضلاع کے ڈی ای اوز سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور جائزہ رپورٹس مرتب کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ای اوز اور ڈویژنل ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ثانوی تعلیم محمد طیّب لہڑی، ڈائریکٹر سکولز مطیب احمد آفریدی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن عبد الواحد شاکر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم اینڈ ای نظام الدین مینگل، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن شیر احمد سمالانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر EMIS محمد حنیف بنگلزئی، سمیت ڈویژنل ڈائریکٹرز اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ثانوی تعلیم محمد طیّب لہڑی نے بعض اضلاع کے نامکمل جائزہ رپورٹیں دوبارہ جمع کرانے کی ہدایات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلباء اور اسٹاف کے کوائف EMIS میں فوری طور پر درج کرالیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کمپیوٹرائزڈ کوائف کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ڈی ای اوز تسلی بخش رپورٹیں جمع کرانے کے ساتھ ساتھ اپنے اضلاع کے تمام سکولوں کا دورہ کریں اور خصوصا غیر حاضری کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈی ای اوز کانفرنس میں تمام اضلاع کے ڈی ای اوز نے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ جس میں ڈیڈ سٹاک کی تفصیل، سٹاف کی تعداد، طلباء کے داخلوں اور رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ، غیر فعال سکولوں کی رپورٹیں، داخلہ مہم، گرین پاکستان مہم، کلسٹروں کی رپورٹیں، ریٹائرمنٹ کے کیسز، نصابی کتب کی تقسیم کے رپورٹ، انٹرنل آڈٹ، سمیت دیگر معاملات پر رپورٹیں پیش کی گئیں۔ صوبائی مشیر نے بعض اضلاع میں نامکمل کوائف پیش کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈی ای اوز کو جلد از جلد کوائف مکمل کرکے پیش کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں