سیلاب متاثرین کی بحالی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں ،زمینداروں اور کسانوں کی بحالی ہرصورت ممکن بنائی جائے گی

صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی بات چیت

ہفتہ 20 اپریل 2019 23:05

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اورصوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سردار سرفراز خان ڈومکی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں،زمینداروں اور کسانوں کی بحالی ہرصورت ممکن بنائی جائے گی،ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ افراد تک ادویات و خوراک پہنچا رہی ہے ،سبی اور کچھی کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ،بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر تیزی کے ساتھ جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع سبی اور کچھی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کرنے کے بعد سیلاب متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پراونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ عمران زرکون اورڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ڈپٹی کمشنر ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے گرین بیلٹ جس میں سبی ،کچھی اور نصیرآباد کے اضلاع شامل ہیں سب سے یادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں پر سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے ہی خشک سالی نے یہاں کے زمینداروں اور لوگوں کو متاثر کررکھا تھا جبکہ رہی سہی کسر بارشوں اور سیلابی ریلوں نے پوری کردی ہے انہوں نے کہا کہ جہاں پر سیلابی ریلوں سے مکانات و املاک کا نقصان ہوا ہے وہاں پر زمینداروں اور کسانوں کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی تیار گندم کی فصلات بھی تباہ ہوچکی ہیں جس سے یقینا زمینداروں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ کرنا تو ممکن نہیں لیکن پھر بھی صوبائی حکومت نے وزیراعظم عمران خان سے 10ارب روپے کی گرانٹ کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مکران کوسٹل ہائی وئے پر بزی ٹاپ پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بھارت برائے راست ملوث ہے جس کے ملوث ہونے کے ہمارے پاس ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں انہوں نے کہا کہ جب سے دہشت گردی کے واقعات رونماء ہو رہے ہیں تب سے بھارت افغان سرزمین کو پاک سرزمین کے خلاف استعمال کررہا ہے جبکہ موجودہ دہشت گردی کی لہر سے یہ شواہد ملے ہیں کہ بھارت ایران کی سرزمین کو بھی بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے اور صوبے میں بے گناہ عوام کا قتل عام کرکے پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کی ناکام کوشش کررہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ سینہ سپر ہوکر دہشت گردوں کے عزائم کوناکام بنایا ہے اور صوبے کے عوام کے ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے حوصلے پست کبھی نہیں کیئے جاسکتے ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیرلیبراینڈ مین پاور سردارسرفراز خان ڈومکی نے کہا کہ سیلاب و طوفان قدرتی آفات ہیں جو قدرت کی جانب سے آتی ہیں ہمیں قدرتی آفات کا مقابلہ صبروتحمل کے ساتھ کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان سیلاب متاثرین کو تنہاء نہیں چھوڑئے گی بلکہ متاثرین کی بحالی بلخصوص زمینداروں کی بحالی ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں سے بچائو کے لیے ہمیں ایری گیشن نظام کو مزید موثر و پائیداربنانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوسکیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پی ڈی ایم ائے اور ضلعی انتظامیہ مل کر سیلاب سے متاثرین کی بحالی میں مصروف عمل ہیں اور آخری متاثر تک ہماری بحالی کاکام جاری رہے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں