حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مختلف اضلاع کے مکینوں کے گھروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،اختر حسین لانگو

اتوار 21 اپریل 2019 23:25

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی اختر حسین لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے جہاں معصوم شہری جاں بحق اور لوگوں کے کھڑے فصلوں، مال مویشی اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کے علاقہ مکینوں کے گھروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے وہاں مطلوبہ معیار اور ضرورت کے مطابق ڈیموں کے تعمیر میں لیت و لعل سے کام لینے کی وجہ سے کروڑوں گیلن پانی ضائع ہوا ہے‘ ایک ایسا صوبہ جہاں پانی کی سطح ہر آئے روز گرتی جا رہی ہے اور قلت آب کی وجہ سے بلوچستان کے زمینداروں کو پچھلے دو دہائیوں سے کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے اس میں بارشوں کے پانی کو چھوٹے اور بڑے ڈیموں میں زخیرہ کر کے زرعی اور گھریلو مصرف کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے‘ اس عمل سے زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہو گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 70 فیصد سے زائد لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے، اس لیئے بہتر اور جامع منصوبہ بندی کے تحت نا صرف سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ بارشوں کے پانی کو ڈیموں میں ذخیرہ کر کے بلوچستان کے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو استعمال میں لاتے ہوئے صوبے میں زرعی اور معاشی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے نقصانات کا تخمینہ لگائے اور متاثرین کی درست نشاندہی کے بعد انکی مالی معاونت اور درپیش نقصانات کا ازالہ کرے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں