نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ہمارے ملک کی آبادی میں زیادہ تناسب نوجوانوں کا ہے جو ملک کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار ادا کرسکتے ہیں، موجودہ حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرے گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت وزیراعلیٰ کی ٹاسک فورس برائے نوجوانان وپائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2019 23:00

کوئٹہ۔ ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ہمارے ملک کی آبادی میں زیادہ تناسب نوجوانوں کا ہے جو ملک کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ کی ٹاسک فورس برائے نوجوانان وپائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی ، عبدالخالق ہزارہ، ٹاسک فورس کے اراکین ڈاکٹر اصغر علی، جویریہ ترین، عبدالہادی کاکڑ اور ڈائریکٹر یوتھ ڈویلپمنٹ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں نوجوانوں کو ترقیاتی عمل اور معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے ورکنگ گروپ کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جو تسلسل کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اپنی تجاویزاور سفارشات مرتب کرکے ٹاسک فورس کو پیش کرے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ نوجوانوں کی باقاعدہ کیریئر کونسلنگ اور صحیح سمت کا تعین ہونا بہت ضروری ہے اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے پروگرام برائے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اہمیت کا حامل ہے تاکہ ہمارے نوجوان عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں، پائیدار ترقی کے 17 اہداف جن میں تعلیم کو بہتر بنانا، غربت کا خاتمہ، جنسی مساوات، مضبوط معیشت، صحت کی بہترین سہولیات اور ماحول کو آلودگی سے صاف کرنا سرفہرست ہے، موجودہ حکومت ان اہداف کے ممکنہ حصول میں اپنا تعمیری کردار ادا کرے گی تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اور نوجوان نسل ان اہداف کے حصول سے مستفید ہوں اور ہماری حکومت کی کوشش ہوگی کہ صوبے کے نوجوانوں کے درست سمت کا تعین کیا جائے تاکہ ہمارے نوجوانوں میں پھیلتی ہوئی مایوسی کی روک تھام اور انتہا پسندی کے رحجان کا مکمل خاتمہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت ہیومن ریسورس کو بہتر کرنے اور نوجوانوں کی اسکل ڈیویلپمنٹ پر موثر کام کرے گی، اس ضمن میں تکنیکی تعلیم بھی موجودہ وقت کا تقاضا ہے جو کہ ہ صرف بڑھتی ہوئی بیروزگای کا ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا بلکہ اس کے ساتھ صوبہ بھی ترقی کے منازل طے کرے گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرے گی تاکہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ خود کو دیگر مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھے جو نوجوانوں میں پاکستانیت کے جذبے کو مزید تقویت دینے میں مددگارثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے اور اس ضمن میں بجٹ میں مختص رقم بھی غیر موثر طریقے سے صرف ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنے والے پی ایس ڈی پی میں موجودہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتیں بہتر تعمیری اور مثبت بنانے کے لئے آئندہ بجٹ میں اس ضمن میں فنڈمختص کرے گی، انہوں نے اجلاس میں موجود وزراء کو اس حوالے سے باقاعدہ ایک پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ ادوار میں یوتھ ایمینسیپیشن اور وزیراعلیٰ انٹرن شپ پروگرام کی مد میں مختص فنڈز کا غیرموثر استعمال ہوا، موجودہ حکومت اس ضمن میں مختص بجٹ کا موثر استعمال کرے گی تاکہ خاطر خواہ نتائج حاصل ہوسکیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں