آئندہ مالی سال کاترقیاتی پروگرام صوبے کی تاریخ کا پہلا پروگرام ہوگا جو صحیح معنوں میں عوام کے مفاد کے مطابق ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان

پیر 20 مئی 2019 23:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت بجٹ کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی وغیرترقیاتی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار اور سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ کی جانب سے مجوزہ ترقیاتی پروگرام اور بجٹ کے مجموعی خدوخال سے متعلق بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی بھی اجلاس میں موجود تھے، اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام محکموں کی جانب سے مختلف سیکٹرز میں عوام کے مجموعی مفاد اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے مطابق منصوبے تجویز کئے گئے ہیں جن پر عملدرآمد سے نہ صرف عوامی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ صوبے کے محصولات میں بھی اضافہ ہوگا، خاص طور سے وسائل پیدا کرنے والے محکموں اور اسکل ڈویلپمنٹ کے شعبے کو ترجیح حاصل رہے گی، صوبے کے دینی مدارس میں جدید علوم کی تعلیم کی فراہمی کی تجویز بھی زیر غور ہے جس پر مزید مشاورت کرکے اسے حتمی شکل دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پرکہا ہے کہ آئندہ مالی سال کاترقیاتی پروگرام صوبے کی تاریخ کا پہلا پروگرام ہوگا جو صحیح معنوں میں عوام کے مفاد کے مطابق ہوگا، ماضی سے ہٹ کر محکموں کی جانب سے ترقیاتی پروگرام کے لئے تجویز کردہ اسکیموں کی افادیت عوام تک پہنچے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر سابق ادوار میں بھی پی ایس ڈی پی قواعد وضوابط اور عوامی ضروریات کے مطابق بنائی جاتی تو آج ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہوتے، انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کی دی گئی گائیڈ لائن کے مطابق محکموں کی جانب سے پی ایس ڈی پی کو درست سمت میں لے جانے کا عمل انتہائی خوش آئند ہے، اس سے دستیاب وسائل اور اخراجات میں توازن پیدا ہوگا ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز بھی دستیاب ہوں گے اوروہ صرف کتاب تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ تکمیل کے بعد زمین پرنظر بھی آئیں گے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ترقیاتی عمل مائیکرو لیول تک لے جائیں گے جس سے چھوٹے پیمانے کے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے جبکہ پی ایس ڈی پی میں ضلع اور صوبے کی سطح کے سٹریٹیجک منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو اسکیموں کی تیاری کے لئے محکموں کو رہنمائی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی جبکہ انہوں نے حکومتی سطح پر تھنک ٹینک کے قیام کا اپنا وژن دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے تھنک ٹینک کی ضرورت ہے جو صوبے کی ترقیاتی ضروریات اور وسائل میں اضافے سمیت دیگر امور پر حکومت کو قابل عمل تجاویز او ررہنمائی فراہم کرسکے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں