کوئٹہ ،پشتون آباد کی مسجد میں دھماکہ ، ایک شخص شہید ، تیرہ زخمی

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ،علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل

جمعہ 24 مئی 2019 15:45

کوئٹہ ،پشتون آباد کی مسجد میں دھماکہ ، ایک شخص شہید ، تیرہ زخمی
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2019ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد کی مسجد میں دھماکے نتیجے میں ایک شخص شہید اور تیرہ زخمی ہوگئے جن میں زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،اطلاعات کے مطابق پشتون آباد میں واقع رحمانیہ مسجد میں دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا،مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق مسجد میں دھماکے کے وقت پچاس سے زائد افراد موجود تھے اور دھماکے تقریباً ایک بجے کے قریب ہوا ۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں بھاری تعداد میں جائے وقوعہ پرپہنچیں اور دھماکے سے متاثر ہونے والے نمازیوں کو ہسپتال منتقل کیازخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو حصار میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ۔ پولیس کے سینئر اہلکار کے مطابق جمعہ کے موقع پر کوئٹہ میں سیکورٹی الرٹ تھی، شہرکے مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کے اضافی اہلکارتعینات کئے گئے تھے ،مساجد اور امام بارگاہوں پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات تھے۔شہربھر میں کوئیک رسپانس فورس کی تعیناتی کے علاوہ ایف سی کی پٹرولنگ بھی جاری رہی۔نماز جمعہ کے دوران ایس ایچ اوزکو گشت جبکہ ایس پیز کو سرکل میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں