صوبائی بجٹ کی تیاری میں ماضی کی روایات کے برعکس تمام سٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لیا جارہا ہے،

تمام محکمے بجٹ کی تیاری پر سنجیدگی سے کام کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ خصوصی اقدامات پروگرام کے تحت صوبے میں معیاری تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے کے لئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے، بجٹ عوام دوست ہوگا، وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی کی پری بجٹ بریفنگ

بدھ 12 جون 2019 14:11

صوبائی بجٹ کی تیاری میں ماضی کی روایات کے برعکس تمام سٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لیا جارہا ہے،
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ نئے صوبائی بجٹ کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جارہا ہے ماضی کی روایات کی طرح بند کمروں میں بجٹ تیار نہیں کیا جا رہا ، تمام معاملات شفاف اور اوپن رکھے جائیں گے گزشتہ تین چار ماہ سے تمام محکمے بجٹ کی تیاری پر سنجیدگی سے کام کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پری بجٹ پریس بریفنگ میں کیا، اس موقع پر ترجمان صوبائی حکومت لیاقت علی شاہوانی، سیکرٹری خزانہ بلوچستان نورالحق بلوچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ عبدالرحمان بزدار بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز کوسٹل سائیٹ سمیت اہم شعبوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں آمدنی کے حامل شعبے بنایا جارہا ہے اعلی تعلیم کی ترقی کے لئے گزشتہ حکومتوں میں جامعات کے لئے پانچ سو ملین روپے مختص کئے جاتے تھے جو کہ ہم نے 200 فیصد بڑھا کر ایک ارب پچاس کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے لئے جامعات میں وسائل کی صحیح تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے وزیر اعلیٰ خصوصی اقدامات پروگرام کے تحت صوبے میں معیاری تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے کے لئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے اس کے علاوہ مالی خود مختاری کے لئے فنانس بل میں ٹیکسوں کی وصولی کا جامع نظام وضع کررہے ہیں جس سے صوبے کے اپنے محاصل میں اضافہ ہوگا انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں بڑے منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے وفاق سے رجوع کیا گیا ہے اور کوئٹہ ژوب روڈ، کوئٹہ کراچی روڈ، آواران جاہو بیلہ روڈ، ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس، تربت،بلید ہ روڈ،لولنگ ڈیم وندر ٹیم سمیت بڑے منصوبوں کے لئے وفاق نے معاونت کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے وفاقی حکومت نے مالی حالات کی بہتری کے لئے ساتھ مزید معاونت بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ پاک افواج کی جانب سے بجٹ میں اضافہ نہ لینے کے فیصلے کو سراہتے ہیں یہ وسائل پسماندہ صوبوں بلوچستان اور کے پی کے کی ترقی میں استعمال ہونگے اور تیز رفتار ترقی میں معاون ثابت ہونگے وزیر خزانہ بلوچستان نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے لئے بلوچستان حکومت این ایف سی سیکرٹریٹ قائم کرنے جارہی ہے جو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کا پورا حصہ لینے کے لئے تمام پہلووں پر کام کرے گا، انہوں نے کہا کہ نئے صوبائی بجٹ میں نوجوان ہنر مند پروگرام متعارف کروا رہے ہیں جس سے چھ ہزار سے زائد جوان استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان صوبائی حکومت لیاقت علی شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حقائق پر مبنی قابل عمل بجٹ پیش کرنے جاررہے ہیں بجٹ کو عوامی ضروریات اور امنگوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے بجٹ تشکیل سے قبل صوبے کے تمام علاقوں میں عوامی مسائل کا جائزہ لیکر وسائل کے درست استعمال کے لئے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے اور حالیہ بجٹ گزشتہ تمام بجٹس سے منفرد ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن کے عین مطابق بجٹ میں بدعنوانی کے راستے روک دئیے گئے ہیں اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس پائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپوزیشن اراکین نے بجٹ سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے جبکہ اسمبلی میں اپوزیشن کے ہیڈ ماسٹر نے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کئے۔

درست اعداد و شمار کے مطابق تمام اراکین کو مطمئن کرنے کے لئے تیار ہیں بلوچستان کا حالیہ بجٹ تاریخ کا سب سے زیادہ عوام دوست بجٹ ہوگا۔اپوزیشن سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، دلیل اور دستیاب دستاویز کے مطابق جواب دینے کے لئے تیار ہیں یہ واضح ہے کہ حکومت نے پچیس سو ناقابل عمل سکیموں کو بجٹ دستاویز سے ختم کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ 17 ہزار خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کرنے جارہے ہیںجس سے بیروزگاری میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی، ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ 2017 میں ایم ایس ڈی کی جانب سے خرید کردہ 16 ادویات غیر معیاری ثابت ہوئیں۔

انکوائری مکمل ہو چکی کیس وزیر اعلی انسپیکشن ٹیم کو ریفر کر دیا گیا ہے۔ ملک میں جاری اینٹی کرپشن ڈرائیو کو سپورٹ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں بلوچستان پر توجہ دی گئی ہے آئندہ سال ان دنوں تک واضح تبدیلی دیکھی جاسکے گی۔صوبائی بجٹ میں تمام محکموں کے لئے بجٹ مختص کیا جارہا ہے مجموعی طور پر حالیہ بجٹ گزشتہ روایات سے ہٹ کر ہوگا اور اس کے ثمرات حقیقی طور پر عام آدمی کی زندگی پر نمایاں طور پر محسوس ہوںگے۔ پریس بریفنگ میں سیکرٹری خزانہ بلوچستان نورالحق بلوچ نے بجٹ کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں