فیڈریشن کی حامی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے،پیپلز پارٹی بلوچستان

مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،سابق صدر آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں انشاء اللہ سرخرو ہونگے،پی پی پی کے زیراہتمام18جون کو بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ،میڈیا سے بات چیت

اتوار 16 جون 2019 22:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ فیڈریشن کی حامی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے ،مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں تبدیلی سرکار اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو جیلوں میں بند کرکے کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ اپنے من پسند فیصلے عوام پر مسلط کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ،سابق صدر آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں انشاء اللہ سرخرو ہونگے موجودہ مہنگائی ،عوام دشمن بجٹ، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف 18جون کو کوئٹہ سمیت تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ،صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے صوبائی عہدیداروں کے مشاورتی اجلاس کے بعدصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا جسکی پاداش میں ہمارے قائدین کو جیلوں میں بند کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیب سلیکٹڈ حکومت کی ایماء پر پیپلز پارٹی اوردیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کر رہا ہے نیب پی ٹی آئی کی ’’بی ‘‘ ٹیم بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں 11سال تک جیل کاٹی اور 17سال بعد ان جھوٹے مقدمات میں باعزت بری ہوئے انشاء اللہ اب بھی آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور جھوٹے اور بے مقدمات میں سرخرو ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین کو جیلوں میں بند کرکے پارٹی جیالوں کو عوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار ی کی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں اور لوگ اپنے بچوں سمیت خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام موجودہ مہنگائی ،عوام دشمن بجٹ، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں 18جون (منگل )کو احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جس کیلئے تمام ضلعی صدور ،ونگز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام 18جون کو شام پانچ بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ فیڈریشن کی حامی جماعتوں کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دیوار سے لگایا جارکا ہے جس کے منفی نتائج سامنے آئیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے یوٹرن کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیارنہیں ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلد سلیکٹڈ وزیراعظم اقتدار چھوڑ کر بھاگ جائے گا اپوزیشن کو انکے خلاف کوئی منظم تحریک چلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں