لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد سے مفکروں اور دانشوروں کے بلند افکار و خیالات سے فیض یاب ہونے کا موقع میسر آجاتا ہے ،گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی

منگل 18 جون 2019 00:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ لٹریچر فیسٹیول کے انعقاد سے نہ صرف مفکروں اور دانشوروں کے بلند افکار و خیالات سے فیض یاب ہونے کا موقع میسر آجاتا ہے ۔ بلکہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور ترقی کو سچی بنیادیں فراہم کرنے میں رہنمائی بھی ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد ایک خوش آئند عمل ہے اور ایسی تقریبات سے پل پل بدلتی دنیا میں نئے ابھر نے والے علمی و فکری رجحانات کے ساتھ ساتھ ہم اپنے ادبی و ثقافتی رنگوں اور رعنائیوں کو بھی سامنے لاسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلوچستا ن یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ میں دو روزہ کوئٹہ لٹریری فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ لٹریری فیسٹیول دو روز تک جاری رہے گا اور اس ادبی تہوار میں پاکستان کے دیگرصوبوں سمیت کئی ممالک سے محققین ، مفکرین ، دانشور حضرات اور فنکار بھی شرکت کررہے ہیں۔

کوئٹہ لٹریری فیسٹیول میں علمی ، تحقیقی ، سیاسی اور سماجی مضوعات پر مبنی مختلف زبانوں کے کتابوں کا میلہ طلباء وطالبات سمیت شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ کوئٹہ لٹریری فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں آباد اقوام پشتون و بلوچ جاندار قومی اقدار و روایات کے امین ہیں اور یہ صوبہ جیسے مہر گڑھ تہذیب و تمدن کا گہوارہ رہ چکا ہے ۔

اس فیسٹیول کی بدولت ہم ایک دوسرے کے علم وتجربے سے فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ نئی نسل کو اپنی ثقافت و تاریخ سے روشناس ہونے کا موقع میسر ہو چکا ہے ۔ انہوںنے اس یقین کا اظہار کیا کہ کوئٹہ لٹریری فیسٹیول سے کتاب اور صحاب کتاب کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوگا اور یہ بلوچی حال ، پشتون حجرہ ، موسیقی اور کشید کاری و غیرہ کو اجاگر کرنے کیلئے بھی سود مند ثابت ہوگا۔

گورنر بلوچستان یورپ ، امریکہ اور ایشیائی ممالک سے آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور کامیاب کوئٹہ لٹریری فیسٹیول کے انعقاد پر آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان نے فیسٹیول کے مہمانوں اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے اور کوئٹہ ادبی تہوار میں مختلف موضوعات پرمبنی کتابوں کے میلے کا افتتاح بھی کیا اور لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ کیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں