نوجوان کسی بھی معاشرے کے مستقبل کے معمار ہیں،گورنر بلوچستان

منگل 16 جولائی 2019 21:39

نوجوان کسی بھی معاشرے کے مستقبل کے معمار ہیں،گورنر بلوچستان
کوئٹہ۔ 16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کے نہ صرف مستقبل کے معمار ہیں بلکہ حال میں بھی بھر پور حصہ دار ہوتے ہیں اور ان کی علمی و تربیتی صلاحیتیں قوم کے بہتر مستقبل کی ضامن ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو ملک وقوم کے درخشندہ مستقبل بنانے اور بہترین اثاثہ ثابت کرنے کیلئے ہم سب کو مل جل کر جدو جہد کرنی ہوگی ۔

انہوںنے کہا کہ ہماری بھرپور خواہش اور کوشش ہے کہ طلباء وطالبات کو اپنی علمی اور ترقی کی راہ میں کسی قسم کا رخنہ نہ پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کی قیادت میں صوبہ بلوچستان کے تین مختلف میڈیکل کالجز میں داخلے کے امیدوار طلباء پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی ، صوبائی ہیلتھ سیکریٹری حافظ عبدالماجد اور ڈاکٹر شبیر لہڑی بھی موجود تھے ۔ گورنر نے طلباء کے مسائل و مشکلات غور و توجہ سے سنیں اور ان کے مستقل حل کیلئے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس اور دیگر متعلقہ ادارے میڈیکل کالجز کے طلباء و طالبات کے داخلے کے عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے مشترکہ کاوشیں کررہے ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہم میڈیکل کالجز کے طلبہ کو درپیش مشکلات ومسائل سے بخوبی آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ قوانین و ضوابط کومد نظر رکھ کر سنجیدہ کوششیں بھی کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میڈیکل کالجز کے طلبہ کی کلاسوں کا جلد از جلد اجراء کیلئے اور مستقبل میں ان کی ڈگریوں کو قانونی قبولیت حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ داخلہ کے عمل کو پی ایم ڈی سی ( PMDC) کی گائیڈ لائنز کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں