آر ٹی فیشل انٹیلی جنس سے انسانی زندگی بڑی تیزی سے کر وٹیں بدل رہی ہے ،گورنر بلوچستان

پل پل بدلتی دنیا کے جدید تقاضوں، نئی مہار توںسے ہم آہنگی نہ پیدا کرنے والے ادارے مستقبل قریب میں قصہ پا رینہ بن جائیں گے،،تیزرفتار تبدیلیوں میں قومی تر جیحات کا تعین کرنا ضروری ہے ،امان اللہ خان یاسین زئی کی گفتگو

بدھ 17 جولائی 2019 23:13

آر ٹی فیشل انٹیلی جنس سے انسانی زندگی بڑی تیزی سے کر وٹیں بدل رہی ہے ،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اور علم پر مبنی معیشت کے فروغ پانے سے انسانی زندگی بڑی تیزی سے اپنی کر وٹیں بدل رہی ہے جس کے نتیجے میں چیزوں کو دیکھنے اور پرکھنے کے پیمانے اور زاویے بھی بدل رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پل پل بدلتی دنیا کے جدید تقاضوں اور نت نئی مہار توںسے ہم آہنگی نہ پیدا کرنے والے ادارے مستقبل قریب میں قصہ پا رینہ بن جائیں گے۔

لہذا ضروری ہے کہ نہایت تیز رونما ہونے والی تبدیلیوں میں اپنی قومی تر جیحات کا تعین کریں اور دستیاب مواقعوں اور سہولتوں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے جامع حکمت عملی وضح کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے بدھ کے روز گورنر ہا س کوئٹہ میں وزیر اعظم پاکستان کے پروگرام نالج اکانومی ٹاسک فورس ،، کے وائس چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن کی بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عطاالرحمن نے گورنر بلوچستان کو آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اور فیوچر ٹیکنالوجی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال ، خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ ، یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مقصود احمد ، بیوٹمز کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر فیصل کاکڑ ، پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر نصیب اللہ خان بازئی ، سردار بہاد رخان وومن یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر انجم او ربولان میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے رجسٹرار شکیل احمد موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں بدلتے ہوئے تقاضوں کے باعث درس و تدریس کا پیشہ پہلے سے زیادہ پیچید ہ بن چکا ہے لہذا ضروری ہے کہ اکیڈمیوں کو انڈسٹری سے منسلک کیا جائے اور مروجہ تدریسی طریقہ کار میں تکنیکی اور تخلیقی تبدلیاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اور رو بو ٹیک ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہورہے ہیں ہمیںروایتی طور طریقوں پر چلنے کی بجائے ابھر تے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید رجحانات کو رواج دینا ہوگا۔

ڈاکٹر عطاالرحمن نے گورنر بلوچستان کو وفاقی حکومت کی ترجیحات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اعلی تعلیمی اداروں کو مستحکم بنانے ، آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اور نالج اکانومی پر مبنی دار الحکومت اسلام آباد اور تمام صوبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید مہارتوں کے نئے مراکز قائم کرنے کی تفصیل دی۔ انہوںنے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو ملک و صوبوں میں متعارف کرانے اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے موجود ہ حکومت عوام دوست اقدامات اٹھارہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں