وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کردیا گیا

بدھ 17 جولائی 2019 23:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے، خاص طور پر بلوچستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے قیام کے ایکٹ کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جسے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

آئی ٹی بورڈ کے قیام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے یو این ڈی پی کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن ڈاکٹر عمر سیف نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نورلامین سے ملاقات کی، انہوں نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے وژن او رصوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اس ضمن میں یواین ڈی پی کی جانب سے صوبائی حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یواین ڈی پی نے حال میں بلوچستان یونیورسٹی میں ایک جدید آئی ٹی لیب قائم کی ہے جبکہ صوبے کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں اور اضلاع میں بھی آئی ٹی لیب کے قیام کے لئے یو این ڈی پی تعاون کے لئے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے آئی ٹی کے فروغ کے لئے یواین ڈی پی کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں