کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان کی زیر صدارت 14اگست کو کوئٹہ میں جلسہ عام کے انعقاد اور یوم یکجہتی کشمیر ریلی کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد

منگل 13 اگست 2019 17:55

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان کی زیر صدارت 14 اگست کو کوئٹہ میں جلسہ عام کے انعقاد اور یوم یکجہتی کشمیر ریلی کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی قادر نائل، مبین خلجی،سنیٹر منظورکاکڑ،صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نورامین مینگل،اسپیشل اسسٹنٹ ارباب ظاہر کاسی،معاون خاص وزیراعلی بلال کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طاہر ظفر عباسی، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ،ایس ایس پی ٹریفک،ایس ایس پی آپریشن،انجمن تاجران کوئٹہ، اس کے علاوہ پی ٹی آئی، عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، جمعیت علماء اسلام اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران و ممبران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ14 اگست جشن آزادی کے موقع پرکوئٹہ میں کشمیری بھائیوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سیاسی و مذہبی جماعتیں، انجمن تاجران، ضلعی انتظامیہ اور عوام کی بڑی تعداد شہر کے مختلف علاقوں سے یکجہتی ریلی کی صورت میں جلسے میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں جبکہ شہر میں جلسہ گاہ اور ریلیوں کے راستوں پر پولیس اور ایف سی کے اہلکار ڈیوٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

14اگست جشن آزادی اور یکجہتی کشمیر ریلی کے حوالے سے بینرز، پوسٹرز، پمپلیٹس، قومی پرچم اور کشمیری پرچموں سے کوئٹہ شہر کو سجایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کے انتظام کو فل پروف بنایا جائے تاکہ ریلیوں اورجلسے کے موقع پر کوئی رکاوٹ اور مشکلات درپیش نہ آئے۔ اجلاس میں عوام الناس اور صوبے کی تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ 14اگست جشن آزادی کے موقع پر کوئٹہ کے یکجہتی کشمیر جلسہ اورریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے دنیا کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔

اجلاس میں جلسہ عام کے انعقاد کی تیاریوں کے لئے آرگنائزنگ اور دیگر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور فوری طور پر عوامی رابطوں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں