پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزادی سے زندگی گزار رہے ہیں مگر بھارت میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہے، بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وزِیر اعلی بلوچستان جام کمال خان

بدھ 14 اگست 2019 15:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) وزِیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزادی سے زندگی گزار رہے ہیں مگر بھارت میں کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہے، بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوبلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزراء اراکین پارلیمنٹ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، اعلیٰ فوجی و سول حکام اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے گا کر شرکاء تقریب کے خون کو خوب گرمایا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ بیش بہا قربانیوں کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا ہے،بھارتی مظالم کے خلاف اہل بلوچستان کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں موجود انتہا پسند حکومت مظالم کی تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل آزادی کے ساتھ آباد ہیں، دہشت گردانہ حملوں کے باوجود بھی اہل بلوچستان نے یک جہتی کا مظاہرہ کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ آج کا دن ماضی کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جب برصیغر کے مسلمانوں نے آزادی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستانیوں نے کشمیریوں کی جدو جہد سے منسلک کیا ہے آج بلوچستان سے پیغام گیا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، جام کمال خان نے جشن آزادی کے موقع پر ملک اور صوبے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج ہم اس ماحول میں پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں