نئے ترقیاتی منصوبو ں پر فوری عملدرآمد سے تبدیلی کا نیا سفر شروع ہوگا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

ہفتہ 17 اگست 2019 21:09

نئے ترقیاتی منصوبو ں پر فوری عملدرآمد سے تبدیلی کا نیا سفر شروع ہوگا، وزیراعلیٰ جام کمال خان
کوئٹہ ۔17اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے نئے ترقیاتی منصوبو ں پر فوری عملدرامد کے آغاز اور بروقت تکمیل ہی سے تبدیلی کا نیا سفر شروع ہوگا،نئے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے زرعی سمندری اور معدنی پیداوار کی بڑی منڈیوں تک رسا ئی کی بنیاد بنیں گے اور ان شعبوں سے وابستہ لاکھوں لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہو گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی میں شامل اہم منصوبوں کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمان بزدار ،سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری مواصلات اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار نئے مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے چھ ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ ماضی میں اگست تک زیادہ سے زیادہ 50 کروڑ روپے تک فنڈز کا اجراء ہوتا تھا اس کامیابی کی بنیاد بہتر منصوبہ بندی اور صوبے کی مالی حالت میں بہتری ہے اجلاس میں ترقیاتی عمل کے موثر آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک متوازن اور حقیقی ترقیاتی بجٹ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ ماضی کی روایات کو توڑتے ہوئے ترقیاتی منصو بوں کا آغاز ستمبر کے ابتداء ایام میں ہی کردیا جائے اور دو سے تین ماہ میں یہ منصوبے زمین ہر نظر آنا شروع ہو جائیں ،انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی محکمے اپنے pc 1 پی اینڈ ڈی سے فوری منظور کرائیں اور پی اینڈ ڈی منصوبوں کی منظوری کے لیے ڈی اے سی اور پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس جلد منعقد کرے سیکریٹری مواصلات نے اجلاس کو سڑکوں کی تعمیر کے نئے اہم منصوبو ں مختلف سیکٹرز میں عمارات اور تما م اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبوں پر بریفنگ دی جبکہ سپورٹس کمپلیکس کے ڈیزائین کا جائزہ بھی لیا گیا وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سپوٹس کمپلیکس کے منصوبے مکمل اور جامع ہوں جہاں تمام کھیلوں اور تفریح کی سہو لتیں دستیاب ہوں وزیراعلیٰ نے فنڈز کے بروقت اجراء پر محکمہ خزانہ کی کارکردگی کو سراہا وزیراعلیٰ نے صوبے میں نئے تعمیر ہو نے والی سڑکوں پر کمرشل گاڑیوں سے صوبائی سطح پر ٹول ٹیکس کی وصولی کی تجویز کا جائزہ لیکر اس حوالے سفارشات کی تیاری کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں