بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مکران ڈویژن خاص طور سے گوادر کی اہمیت مسلمہ ہے،

ملک دشمن قوتیں ترقیاتی عمل او ربلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، ترقیاتی اہداف کے حصول سے ترقی مخالف عناصر کا ایجنڈا ناکام بنائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کامکران ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 22 اگست 2019 23:03

بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مکران ڈویژن خاص طور سے گوادر کی اہمیت مسلمہ ہے،
کوئٹہ ۔22اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مکران ڈویژن خاص طور سے گوادر کی اہمیت مسلمہ ہے، ملک دشمن قوتیں ترقیاتی عمل او ربلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، ترقیاتی اہداف کے حصول سے ترقی مخالف عناصر کا ایجنڈا ناکام بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے مکران ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزراء میر ظہور بلیدی، زمرک خان اچکزئی، نورمحمد دمڑ، پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند، اراکین اسمبلی لالہ رشید بلوچ، مہ جبین شیران، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی میر رامین محمد حسنی، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، مختلف محکمون کے صوبائی سیکریٹری اور دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے جبکہ کمشنر مکران ڈویژن نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے لہٰذا ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مکران ڈویژن میں قومی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں اور رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل نئے ترقیاتی منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے تربت شہر کی ترقی کے ماسٹرپلان میں شہری سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تربت شہر کی توسیع کے لئے میرانی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس سے شہر پر آبادی کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ تربت شہر کے نکاسی آب کے منصوبے پر بھی فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے، وزیراعلیٰ نے تربت مند روڈ کے پی سی ون میں ترمیم کی ہدایت بھی کی جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ ضلع تمپ کے قیام، اس کی حدبندی اور ہیڈکوارٹر کے حوالے سے فیصلہ علاقے کے عوامی نمائندوں اور عمائدین کی مشاورت سے کیا جائے گا، بعدازاں وزیراعلیٰ نے تربت سٹی ترقیاتی پیکج کے تحت تعمیر کی گئی سڑک کا افتتاح بھی کیا، قبل ازیں وزیراعلیٰ مکران ڈویژن کے دوروزہ دورے کے پہلے مرحلے پر تربت پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں