حاجی نور محمد شاہوانی کی وزیر اعظم ،وزیر داخلہ اور آئی جی سے جیکب آباد اور شہداد کوٹ پولیس اہلکاروں کے نارروا اقدامات کا نوٹس لینے کی اپیل

اگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو ہم بلوچستان اور سندھ کی سرحدی شاہراہ پر دھرنا دے کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری مذکورہ پولیس آفیسران اور اہلکاروں پر عائد ہوگی، مرکزی صد ربلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن

اتوار 15 ستمبر 2019 17:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے صوبہ سندھ کے علاقے جیکب آباد اور شہداد کوٹ کی پولیس کی جانب سے بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کو بلا جواز طور پر روک کر ان سے بھتہ وصولی اور مختلف دفعات کے تحت کارروائی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور آئی جی پولیس سندھ سید کلیم امام سے اپیل کی ہے کہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر ہم اپنے مطالبات کے حق میں سندھ بلوچستان کی سرحدی شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری جیکب آباد اور شہداد کوٹ پولیس پر عائد ہوگی یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹرانسپورٹروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اجلاس میں عبدالواحد ، غلام رسول ، ملک نور خان ، حاجی احمد شاہ ، حاجی مراد خان ، حاجی عبدالمجید بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز اپنی سہولیت کیلئے بلوچستان سے ڈیزل لے کر اندرون ملک سفر کرتے ہیں بلوچستان کے سرحدی شہر جیکب آباد اور شہداد کوٹ کی پولیس آئے روز بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں کو روک کر انہیں بلا جواز طور پر تنگ کرتی ہے بھتہ لیتی ہے اور دفعہ 286 اور 550 کے تحت کارروائیاں کرکے ناجائز تنگ کرتی ہے جس کے بارے میں مذکورہ پولیس کے اعلیٰ حکام اور حکومتی نمائندوں کو بھی آگاہ کیا گیا ہے تاحال اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی مذکورہ پولیس والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی کی گئی ہے انہوں نے وزیر اعظم ، وفاقی داخلہ ، آئی جی پولیس سندھ سے اپیل کی ہے کہ جیکب آباد اور شہداد کوٹ پولیس اہلکاروں کے ان نارروا اقدامات کا نوٹس لیا جائے جو بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں کو بلا جواز تنگ کرتے ہیں اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو ہم بلوچستان اور سندھ کی سرحدی شاہراہ پر دھرنا دے کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری مذکورہ پولیس آفیسران اور اہلکاروں پر عائد ہوگی۔

(جاری ہے)

ہم اپنے مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے تمام قانونی اور جمہوری طریقے استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کریں گے تاکہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں کے خلاف ہونے والی اس طرح کی غلط کارروائیوں کا سد باب ہوسکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں