جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم سے طلباء کو روشناس کرنا وقت کا تقاضا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 01:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم سے طلباء کو روشناس کرنا وقت کا تقاضا ہے جس کے ذریعہ ہمارے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے احسن انداز میں اپنی صلاحیتوںکا لوہا منواسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ آرکیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کے معائنے کے موقع پر کیا۔

صوبائی وزیر میر عارف جان محمد حسنی، چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ریٹائرڈ) فضیل اصغر اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے جبکہ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی داکٹر جاویر اقبال نے وزیراعلیٰ کو آرکیالوجی کے شعبہ سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان قدیم تہذیب کا حامل خطہ ہے، گندھارا اور مہرگڑھ کی قدیم تہذیبیں اس صوبے کا حصہ اور اس کا امتیاز ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس شعبے میں مزید تحقیق کے لئے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا قیام معاون ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر بلوچستان ڈاکٹر جاوید اقبال نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ یونیورسٹی میں کل 16000طلباء اور طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں اور 50کے قریب مختلف پروگرامز کے ساتھ ساتھ معدنیات، اراضیات اور سینٹر آف ایکسیلینس کا شعبہ بھی بھرپور طریقے سے فعال ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید تعلیم سے آشنا طلباء اور طالبات مستقبل کے بہترین معمار ثابت ہوں گے۔

کوئٹہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ اور دیگر ایسے منصوبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہتر نتائج کا حصول ممکن ہوسکتا ہے جبکہ دورجدید سے مطابقت رکھنے والی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے طلباء تکنیکی مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں بلوچستان یونیورسٹی کا کردار اہم ہے جو صوبے کو تعلیم کی فراہمی میں سب سے بڑا ادارہ ہے جس کی بہترین کارکردگی کے ثمرات سے بلوچستان خود کو مستفید کرسکے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں