باصلاحیت اور تجربہ کار افراد کے علم و تجربے کو ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنا ہوگی ،گورنر امان اللہ خان یاسین زئی

اتوار 22 ستمبر 2019 23:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ہمیں درپیش پیچیدہ مسائل ومشکلات کا سنجیدہ حل نکالنااشد ضروری ہو چکا ہے، یہ ہماری اجتماعی بدقسمتی ہے کہ ضروری سہولیات اور مواقع کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمارے محققین ،ماہرین اور ذہین ترین افراد ضائع ہو رہے ہیں، صوبہ کے باصلاحیت اور تجربہ کار افراد کے علم و تجربے کو ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لانے کے لئے ہمیں ایک جامع اور مربوط حکمت عملی وضع کرنا ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یونیورسٹی لاء کالج میں بلوچستان اسٹارز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر گورنر بلوچستان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں حقوق وفرائض کا اجتماعی احساس جگانے اور اپنے ہی فرائض منصبی کو دیانتداری اور احسن طریقے سے نبھانے کالوگوں کے رویوں پر تعمیری اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ خدمت خلق میں عظمت ہے اور معاشرے کے محروم،نادار اور معاشی نا آفسردگی سے دوچار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار کرنے سے سماج میں امتیاز ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور ملن سار افرادسے مالا مال ہے۔ ہمارے اعلی تعلیمی اداروں میںباصلاحیت اورتجربہ کار افراد کی کمی نہیں اور وہ سماج میں سمجھنے اوربدلنے کی بھرپور صلاحیت اورصوبے کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ بھی رکھتے ہیں مگر سہولتوں اور مواقعوں کی عدم دستیابی ہی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ گورنر بلو چستان نے کہا کہ مثبت اور تعمیراتی رویے بنانے میں ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ ہم اپنے اداروں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے۔

گورنر نے صوبے کے باصلاحیت اور ذہن نوجوانوں کو نکھارنے اور معاشرے میں اپنے حصہ کو پورا کردار ادا کرنے پر انجئینروقاص مینگل اوران کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔گورنر نے کہاکہ لوگوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا، مناسب ماحول کرنا اور ملکی و قومی ترقی خوشحالی کیلئے بروئے کار لا نا حکومت کی ذمہ داری ہے تقریب کے شرکاء سے سابق ا سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ، روشن خورشید بروچہ، محمد عظیم خان کاکڑ،میر اسد جان مینگل ،محفوظ علی خان اوربلوچستان اسٹارزکے بانی انجئینروقاص مینگل اس نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں گورنر بلوچستان نے بلوچستان اسٹارز اور منتظمین میںشیلڈ تقسیم کیے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں