عوام اور صوبے کے مفاد کو ذاتی مفادات پرترجیح دی، بلوچستان کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رہے گی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل کا کوئٹہ میں جلسہ سے خطاب

اتوار 22 ستمبر 2019 23:30

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ عوام اور صوبے کے مفاد کو ذاتی مفادات پرترجیح دی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے سینیٹرڈاکٹر جہانزیب جمالدینی،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ،سردارنصیراحمد موسیانی،امان اللہ زہری کے فرزند نوابزادہ شہریار زہری ،بی ایس او کے چیئرمین نذیر بلوچ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سرداراختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے آواز بلند کی ہے، ہم نے عوام اور صوبے کے اجتماعی حقوق کو ترجیح دی ہے، بلوچستان کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

صوبے بھر کے عوام شہید نواب امان اللہ زہری کے قاتلوں کی گرفتاری کامطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساحل و وسائل ،معدنیات سے مالامال صوبے کے لوگ آج خطے کے غریب ترین لوگ ہیں، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ یہ لوگ امیر ترین ہوتے لیکن بدقسمتی سے آج ہمارے لوگ علاج کیلئے سرکاری کی بجائے پرائیویٹ ہسپتالوں میں جاتے ہیں بچے پرائیویٹ سکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی جمہوری پارٹی ہے ہم اس لشکر کا حصہ ہیں جو بلوچستان کے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھے گا، مجھے آپ نے اس لشکر کا سپہ سالار بنایا ہے یہ میری ذمہ د اری ہے کہ اپنے کارکنوں اور ان کے خاندانوں کی عزت ،جان و مال کا تحفظ کروں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹرڈاکٹر جہانزیب جمالدینی،رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،سردارنصیراحمد موسیانی،امان اللہ زہری کے فرزند نوابزادہ شہریار زہری ،بی ایس او کے چیئرمین نذیر بلوچ و دیگر نے کہا کہ عوام نے آج ثابت کردیا ہے کہ بی این پی ناقابل شکست ہے کوئی بھی شہادت، طوفان ،زیادتی ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، ہم بلوچستان کے طول و عرض میں پھیل چکے ہیں،ہم نے بلو چستان کے حقوق کے لئے چالیس سال جدوجہد کی ہے، چھوٹی موٹی تکالیف سے ہمیں فرق نہیں پڑتا ہم نے وطن کی عزت بچائی ہے ،انہوں نے کہاکہ نواب امان اللہ زہری نے ہمیشہ عوامی حقوق کی جدوجہد کی بی این پی کے شہدا نے بلوچستان کی سرزمین کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں ہم ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

انتظامیہ اور حکومت نوابزادہ امان اللہ زہری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ۔انہوں نے کہا کہ خوشحالی کیلئے جدوجہد کرنی ہے جنہوں نے مسائل کے حل ،خوشحالی ،ناخواندگی کے خاتمے کے لئے جدوجہد کی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بلوچستان کے لوگ ان مظلوموں کیلئے متحد ہیں جنہوں نے ہماری خوشحالی کیلئے اپنی زندگیاں قربان کردیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں