وزیراعلیٰ بلوچستان سے دبئی میں منعقد ہ فلائی ویٹ رینکنگ باکسنگ مقابلے کے فاتح باکسر محمد وسیم کی ملاقات ، مبارکباد دی

پیر 23 ستمبر 2019 23:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے دبئی میں منعقد ہونے والے فلائی ویٹ رینکنگ باکسنگ مقابلے کے فاتح باکسر محمد وسیم نے یہاں ملاقات کی، صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی او رمیر نصیب اللہ مری بھی اس موقع پر موجود تھے، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنے اور فلائی ویٹ رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن کے حصول کے لئے اپنی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ پہلے پاکستانی باکسر ہیں جس کے پاس یہ ٹائٹل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ باکسر محمد وسیم کی بلوچستان سے وابستگی صوبے کے لئے باعث فخر ہے، صوبائی حکومت اس کھیل کے فروغ کے لئے تعاون کے سلسلے کو جاری رکھے گی، اس ضمن میںباکسنگ کلبوںکے کردار کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اس کھیل کی جانب راغب کیا جاسکے، اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس کھیل کے موثر فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے جس کو ایک تعمیری سمت دینے سے نوجوان احسن انداز سے قومی اور عالمی سطح پر صوبے کی نمائندگی کرسکیں گے، صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میںکھیلوں پر خصوصی توجہ دی ہے، صوبے بھر میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام سے ہمارے نوجوان کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ باکسر محمد وسیم کی کامیابی مختلف کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں کے لئے اعلیٰ مثال ہے، باکسر محمد وسیم بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں جن کی عمدہ کارکردگی صوبے کے لئے اعزاز ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے باکسر محمد وسیم کے لئے پانچ لاکھ روپے انعام کااعلان کیا جبکہ شیلڈ اور دیگر تحائف سے نوازتے ہوئے باکسر محمد وسیم کو اپنی فتوحات جاری رکھنے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں