محکمہ تعلیم میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں ہورہی ہیں، اپوزیشن کا کام واویلا کرنا ہے،مولانا فضل الرحمان حکومت سے مذاکرات کرکے تمام مسائل کا حل نکالیں،مشیرتعلیم بلوچستان میرحاجی محمدخان لہڑی کی صحافیوں سے بات چیت

اتوار 20 اکتوبر 2019 23:55

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) مشیرتعلیم بلوچستان میرحاجی محمدخان لہڑی نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں ہورہی ہیں جس سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار مل رہاہے ، اپوزیشن کا کام واویلا کرنا ہے، اپوزیشن والوں کو شاید نوجوانوں کو روزگار ملنا پسند نہیں ہے، اپوزیشن کا واویلہ ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا ہم بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو جاری رکھیں گے، بلوچستان بھرمیں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں، بلوچستان میں اور بھی بڑے پروجیکٹس کا بہت جلد آغاز ہوگا، بلوچستان میں ترقی کا آغاز ہوچکا ہے اور بلوچستان کے واحد گرین بیلٹ نصیرآباد ڈویژن کے پٹ فیڈر کینال کی ڈی سلٹنگ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جو معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے، جو قومیں تعلیمی میدان میں پیچھے رہ جاتی ہیں وہ ترقی کی منازل طے نہیں کر پاتیں، بدقسمتی سے تعلیم کا شعبہ مسائل کا شکار رہا ہے جس کے باعث تعلیم کا معیار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے، ماضی میں ملک کے مختلف علاقوں سے طلباء وطالبات، بلوچستان میں تعلیم کے حصول کے لئے آتے تھے لیکن اساتذہ کی کمی کے باعث بلوچستان میں علم کی شمع اس انداز سے منور نہیں ہوسکی جس طرح سے ہونی چاہیے تھی۔

مشیرتعلیم بلوچستان حاجی محمدخان لہڑی نے مزید کہا کہ بچوں کی بہترین ذہنی نشوونما کے لئے بنیادی سطح پر تعلیم کی بہترین فراہمی ضروری ہے، ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم تعلیمی شعبے میں بہتری اور اصلاحات کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، یہ ہماری سماجی ذمہ داری بھی ہے جس کا ہمیں ادراک رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک بہترین معاشرے کی تشکیل ہوسکے اگر ہم اپنی سماجی ذمہ داریاں احسن انداز سے ادا کریں گے تو یقینا معاشرے میں اجتماعی بہتری آئے گی۔

حاجی محمدخان لہڑی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں کو بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جارہا ہے۔ بلوچستان کے تمام اضلاع کے اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ اس ضمن میں اساتذہ کی بہترین ٹریننگ اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں، بنیادی سطح پر اچھی تعلیم کی فراہمی سے طلباء وطالبات مستقبل میں اپنی صلاحیتوں کا احسن انداز سے لوہا منواسکتے ہیں، ہماری حکومت کی یہ کوشش ہے کہ کوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہ رہے، بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافے سے صوبے میں مجموعی بہتری اور تبدیلی آئے گی اور صوبے کو بہتر ہیومن ریسورس میسر ہوگا، طلباء اس ضمن میں تعلیمی میدان میں اپنی محنت جاری رکھیں، ان مضامین کا انتخاب کریں جو ان کی صلاحیتوں سے ہم آہنگ ہو، آج کے جدید دور میں ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے، مشیرتعلیم نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء وطالبات ہمارا اثاثہ ہیں ان کی ذہنی صلاحیتوں اور استعداد کار میں جس قدر اضافہ ہوگا، اس کے مثبت اثرات پورا صوبہ محسوس کرے گا، انہوں نے کہاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، ٹرانسپورٹ، کھیل،اور طلباء کو اچھی سہولیات فراہم کرینگیایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت آذادی مارچ روکنے کی لیئے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مزاکرات کرکے مسائل حل کرے ،مولانا فضل الرحمان بھی حکومت سے مزاکرات کرکے تمام مسائل کا حل نکالیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں