حکومت مواصلات کے نظام کو موثر بنانے کے لئے سڑکوں کا جال بچھارہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:03

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں مواصلات کے نظام کو موثر بنانے کے لئے صوبہ بھر میں سڑکوں کا جال بچھارہی ہے، معیاری اور پائیدار سڑکوں کی تعمیر سے باہمی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور ایک واضح خوشحالی دیکھنے کو ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواں کلی کراس تا بلیلی بائی پاس تک 44کلومیٹر دورویہ زیرتکمیل سڑک کے معائنے کے موقع پر کیا، صوبائی مشیر ملک نعیم خان بازئی، پارلیمانی سیکریٹری میر سکندر عمرانی،دنیش کمار، مبین خان خلجی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمٰن بزدار سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مواصلات کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کوئٹہ شہر میں سڑکوں کی تعمیروتوسیع کے منصوبے جاری ہیں جس سے مجموعی طور پر ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی، سڑکوں کی تعمیر سے روزگار میں اضافہ ہوگا اور معاشی سرگرمیاں جنم لیں گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت مغربی بائی پاس کی جلد تعمیر میں سنجیدہ ہے جبکہ سریاب میں نئی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جوائنٹ روڈ کی تعمیر کا ایک مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ سبزل روڈ کی تعمیر بھی جاری ہے، اس کے علاوہ کچلاک بائی پاس کی تعمیر سے ہنہ اورشعبان کے لوگ بھی مستفید ہوسکیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں وقت ضرور لگے گا لیکن حکومت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر سہولیات کی فراہمی ہوسکے، حکومت عملی اقدامات کرنے پر یقین رکھتی ہے، واضح رہے کہ نواں کلی کراس تا بلیلی بائی پاس دورویہ سڑک 44کلومیٹر طویل ہے جس میں مین سڑک 15کلومیٹر جبکہ 29کلومیٹر کی لنک سڑکیں شامل ہیں، سڑک کی چوڑائی 74فٹ ہے، دورویہ سڑک دونوں جانب سے 24فٹ چوڑی ہے اور 6فٹ کا میڈین ہے اور دونوں جانب سے د س دس فٹ کے شولڈرز دیئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے میں کل 10پل شامل ہیں اور منصوبے کی کل لاگت 2372ملین روپے ہے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں