صوبائی حکومت رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی ،وزیراعلی بلوچستان

منگل 12 نومبر 2019 00:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ صوبے بھر میں ترقی کا عمل یکساں طور پر جاری رہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی محکموں کی محکمانہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی وزراء حاجی نورمحمد دمڑ، حاجی محمد خان لہڑی، میر نصیب اللہ مری،پارلیمانی سیکریٹری کیو ڈی اے بشریٰ رند، اراکین صوبائی اسمبلی لالا رشید بلوچ، دھنیش کمار، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں صوبائی محکموں زراعت، ماحولیات، کھیل، تعلیم، صحت، اربن پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، توانائی، پی ایچ ای، ماہی گیری، محنت وافرادی قوت، جنگلات، مذہبی امور، اقلیتی امور اور محکمہ بلدیات کے رواں مالی سال 2019-20ء کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوتی تو مسائل جنم لیتے ہیں، جب میکنزم احسن انداز سے چلایا نہیں جاتا تو اس کے منفی اثرات پور نظام پر پڑھتے ہیں، ہمیں ایک ایسی پالیسی مرتب کرنی ہے جو ایک فعال اور موثر نظام کو یقینی بنائے تاکہ ایک مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل ہوسکے، محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دی جانے والی بریفنگ میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بنیادی مراکز کو جدید خطوط پر استوار کرنا، نرسنگ اسکول کی تعمیر اور بلوچستان بھر کے ہسپتالوں کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیومن ریسورس کو بہتر بنانا ہوگا جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ مجموعی طور پر ایک نمایاں تبدیلی اور بہتری آئے گی، محکمہ تعلیم کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر دی جانے والی بریفنگ سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کی موثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جہاں اسکولوں کی ضرورت ہے وہاں اسکول تعمیر کئے جائیں، اس ضمن میں اضلاع میں چار پرائمری، دو مڈل اور ہائی اسکولوں کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ اسکولوں میں سائنس لیبارٹریوں سے طلباء اور طالبات کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا، محکمہ زراعت کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق دی جانے والی بریفنگ پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں پیداوار کو بڑھانے کے لئے گرین ٹریکٹر ترقیاتی منصوبے سے زرعی شعبہ سے وابستہ افراد مستفید ہوسکیں گے، محکمہ کھیل کے نئے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر کے اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں گے اور مجموعی طور پر نوجوانوں میں تعمیری اور مثبت سوچ کو فروغ ملے گا، وزیراعلیٰ نے محکمہ تعلیم، صحت، توانائی، جنگلات، ماہی گیری، پی ایچ ای، محنت وافرادی قوت، بلدیات، مذہبی اور اقلیتی امور اور محکمہ یوپی اینڈ ڈی میں نئے ترقیاتی منصوبوں کی ہر طرح سے باقاعدہ مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمانہ ترقیاتی منصوبے جو سست روی کا شکار ہیں ان ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ضروری امور کو بھی جلد حتمی شکل دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ ان محکموں کے لئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جنہیں ماضی میں نظرانداز کیا گیا، صوبائی محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کو صحیح معنوں میں بروئے کار لایا جائے گا تاکہ خاطر خواہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں گورننس کو بہتر بنانا ہے اور غلط پالیسیوں کے باعث جنم لینے والے مسائل کو بطریق احسن حل کرنا ہے تاکہ ایک موثر نظام کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے جس کے ثمرات سے عوام حقیقی معنوں میں مستفید ہوسکیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں