موجودہ صوبائی حکومت محکمہ صحت میں اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جام کمال خان

بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں ہسپتالوں ،بنیادی مراکز صحت کو فعال بنا کر ان علاقوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعلی بلوچستان

منگل 19 نومبر 2019 23:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے گاوی ویکسین الائنس کے مینیجنگ ڈائریکٹر تابائی مافوسا نے یہاں ملاقات کی، صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، اس دوران گاوی الائنس کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے بچوں میں قوت مدافعت میں اضافے کے حوالے سے جاری ٹیکہ جاتی پروگرام سے آگاہ کرتے ہوئے اس ضمن میں ہونے والی اب تک کی پیشرفت پر وزیراعلیٰ کو بریف کیا، انہوں نے کہا کہ بچوں میں مدافعتی نظام کو موثر بنانے کے لئے اس ٹیکہ جاتی پروگرام میں پیدائش سے لے کر دو سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت محکمہ صحت میں اصلاحات کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے، بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کو فعال بناتے ہوئے ان علاقوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بنیادی مراکز صحت کو احسن انداز سے متحرک کرنے سے مدافعتی پروگرام زیادہ بہتر طریقے سے فعال رہے گا، اور مجموعی طور پر متعلقہ تمام امور میں بہتری آئے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس تناظر میں حکومت مواصلاتی نظام کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے میکنزم پر کام کررہی ہے تاکہ ہیلتھ کیئر کو بہتر کیا جائے، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو بلوچستان بھر کے اضلاع میں ویکسینیشنُکے اس پروگرام کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے متعلقہ علاقوں میں ویکسینیٹرز کی حاضری کو یقینی بنانے اور اس پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ صحت کو اس کی ماہانہ رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے قوت مدافعت میں اضافے کے حوالے سے ٹیکہ جاتی پروگرام کوتسلسل سے جاری رکھنے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں