بلوچستان یونیورسٹی ہم سب کی ہے، مسائل کو حل کرنے ،متعلقہ امور کو احسن انداز سے چلانے سے تعلیمی ادارے میں بہتری آئیگی،و زیر اعلیٰ بلو چستان

منگل 19 نومبر 2019 23:57

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے ان کے بلوچستان یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر طلباء نے بات چیت کرتے ہوئے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا طلباء نے یونیورسٹی کے متعلقہ امور، وسائل اور اس سے متعلق پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے موثر حل کی درخواست کی، طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ یونیورسٹی ہم سب کی ہے، اس کے مسائل کو حل کرنے اور متعلقہ امور کے احسن انداز سے چلانے سے بلوچستان کے اس تعلیمی ادارے میں بہتری آئے گی، اگر یہ ادارہ موثر ہوگا تو اس کا مثبت اثر بلوچستان کے لوگوں پر پڑے گا ماضی میں بلوچستان میں امور کو غیرمنظم طریقے سے چلایاگیا ہے جس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے یونیورسٹی کی گرانٹ کو 50کروڑ سے بڑھا کر ڈیڑھ سو کروڑ روپے کیا ہے کیونکہ اس میں پڑھنے والے طلباء وطالبات ہمارے ہیں، ان کی تعلیمی سہولیات جتنی بہتر ہوں گی تو نتائج بھی خاطر خواہ ہوں گے، وزیراعلیٰ نے بلوچستان یونیورسٹی میں حالیہ اٹھنے والے مسئلے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مسائل دنیا میں بہت سے جگہوں پر جنم لیتے ہیں اور آپ کے بھی ایسے خدشات ہیں، لیکن بلوچستان میں پیدا ہونے والے اس واقعہ کا سب سے موثر حل قانونی طریقہ اور اس حوالے سے ہم تمام متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہیں اور جو لوگ بھی ملوث پائے گئے تو تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان عناصر کے خلاف کاروائی کی جائے گی، وزیراعلیٰ نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں پڑھتے ہیں، آپ لوگوں کو اس ادارے کا احساس بھی زیادہ ہے اگر اس کو نقصان پہنچے گا تو اس کا اثر آپ پر بھی پڑھے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کی اہمیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے اس ادارے میں ایکسپو کا انعقاد کیا ہے، موجودہ حکومت تمام محکموں میں بہتری کے لئے بنیادی سطح پر اصلاحات کررہی ہے جسے ماضی میں نظر انداز کیا گیا، لیکن حکومت محکموں کے استعداد کار میں اضافے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل طے کررہی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کا بلوچستان بھر کی تمام یونیورسٹیوں میں سب سے بڑا کردار ہے، اگر یونیورسٹیوں کی گرانٹ میں مزید اضافے کی ضرورت ہوئی تو ہم ضرور کریں گے، وزیراعلیٰ نے طلباء کو تعلیم پر بھرپور توجہ دینے اور بلوچستان کے مستقبل میں طلباء کے کردار کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ طلباء وطالبات روشن مستقبل کے حصول کے لئے تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں